حیدرآباد۔5اکٹوبر ( این ایس ایس ) تلنگانہ اسمبلی میں تمام اپوزیشن جماعتیں کسانوں کے قرضوں کی یکمشت معافی کے مسئلہ پر متحد ہوگئی ہیں اور بجز مجلس تمام اپوزیشن جماعتوں نے 10اکٹوبر کو بطور احتجاج بندمنانے کا اعلان کیا ہے ۔ اصل اپوزیشن جماعت کانگریس کے علاوہ تلگودیشم ‘ بی جے پی ‘ سی پی آئی اور سی پی آئی ( ایم) نے 10اکٹوبر کو ارکان کی معطلی کے خلاف تلگودیشم اور بی جے پی نے کل 6اکٹوبر کو بھی بطور احتجاج بند منانے کی تجویز پیش کی تھی لیکن اسمبلی میں کانگریس کے قائد کے جانا ریڈی نے اس تاثر کا اظہار کیا کہ کسانوں کے مسائل کا جائزہ لینے کیلئے اضلاع کا دورہ کرنے کے بعد ہی بند منظم کرنا بہتر ہوگا ۔ تلگودیشم اور بی جے پی نے جانا ریڈی کی اس تجویز سے اتفاق کرلیا ۔ چنانچہ 10اکٹوبر کو بند منانے کا قطعی فیصلہ کرلیا گیا ۔ کانگریس نے کل سے رعیتو بھروسہ یاترا شروع کرنے کا فیصلہ کی ہے ۔ تلگودیشم پارٹی نے کسانوں کے قرض کی معافی کے سوال پر حکومت کے معاندانہ رویہ کے خلاف بطور احتجاج تمام اسمبلی حلقوں میں حکومت کے پتلے نذرآتش کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ان تمام جماعتوں نے اسمبلی سے اپوزیشن کے 32 ارکان کی معطلی کی مذمت کی ۔ تلگودیشم لیجسلیچر پارٹی کے لیڈر ایل رمنا نے کہا کہ ان کی پارٹی کے کارکن تلنگانہ کے تمام اضلاع میں حکومت کے پتلے نذرآتش کریں گے ۔ سی پی آئی اور سی پی آئی ( ایم ) کے قائدین سنم راجیا ‘ وینکٹیشورلو اور رویندر کمار نے تمام زرعی قرضوں کی یکمشت معافی کیلئے حکومت سے مطالبہ کیا کیونکہ ایسے ہی فیصلے سے کسانوں کی مدد ہوگی اور انہیں خودکشی کرنے سے روکا جاسکتا ہے ۔