زرعی قرضوں کی معافی کیلئے اپوزیشن جماعتوں کا احتجاج

تلگودیشم ۔ بی جے پی قائدین سڑکوں پر نکل آئے، کانگریس قائلدین کا دورہ اضلاع
حیدرآباد 6 اکٹوبر (پی ٹی آئی) تلنگانہ اسمبلی سے گزشتہ روز اپوزیشن ارکان کی اجتماعی معطلی کے دوسرے دن کانگریس کے علاوہ این ڈی اے حلیف جماعتوں تلگودیشم اور بی جے پی کے قائدین آج سڑکوں پر نکل آئے اور زرعی قرضوں کی مرحلہ وار اساس کے بجائے یکمشت معافی کیلئے ٹی آر ایس حکومت سے اپنے اپنے انتخابی وعدہ پر عمل آوری کا مطالبہ کیا۔ تلگودیشم پارٹی اور بی جے پی کے قائدین نے چیف منسٹر چندرشیکھر راؤ کے حلقہ انتخاب گجویل میں احتجاجی دھرنا منظم کیا۔ تلنگانہ تلگودیشم پارٹی صدر ایل رمنا ایم ایل اے نے مطالبہ کیاکہ ریاستی حکومت کو چاہئے کہ وہ 9 اکٹوبر تک زرعی قرضوں کی معافی کے احکام جاری کرے ورنہ 10 اکٹوبر سے تمام اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مطالبات کی تکمیل تک بند منظم کرنے سے پس و پیش نہیں کیا جائے گا۔ اسمبلی میں تلگودیشم کے فلور لیڈر ای دیاکر راؤ اور بی جے پی فلور لیڈر کے لکشمن نے ریاستی ٹی آر ایس حکومت پر اپنے ہی انتخابی وعدے کی تکمیل میں ناکامی کا الزام عائد کیا۔ اس دوران کانگریس قائدین ایک خصوصی بس کے ذریعہ اضلاع روانہ ہوگئے جہاں خودکشی کرنے والے کسانوں کے ارکان خاندان سے ملاقات کریں گے۔