زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی سربراہی حکومت کا عظیم کارنامہ

چیف منسٹر تلنگانہ کے سی آر کسان دوست ، وزیر برقی جگدیش ریڈی کا ادعا
حیدرآباد۔یکم۔جنوری(سیاست نیوز) وزیر برقی جگدیش ریڈی نے کہا کہ زرعی شعبہ کو 24 گھنٹے برقی سربراہی کا فیصلہ تاریخی اقدام ہے۔ ملک کی کسی بھی ریاست میں کسانوں کو بلا وقفہ برقی سربراہی کا انتظام نہیں۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کسان دوست ہیں اور وہ زرعی شعبہ کو خوشحال بنانے کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل سے قبل کسانوں نے برقی کی عدم سربراہی کے خلاف سڑکوں پر احتجاج منظم کیا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے انتخابی منشور میں زرعی شعبہ سے جو وعدے کئے گئے، اُن پر عمل کیا گیا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ کانگریس اور تلگو دیشم دور حکومت میں زرعی شعبہ کو نظرانداز کیا گیا تھا۔ جگدیش ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ تحریک میں پانی ، روزگار اور وسائل کیلئے جدوجہد کی گئی تھی۔ 2014 ء میں اقتدار حاصل کرنے کے بعد ٹی آر ایس حکومت نے کسانوں کو بلا وقفہ برقی کی سربراہی کے اقدامات شروع کئے اور آج مکمل کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کے اقدامات سے کسان خوشحال ہوں گے۔