زرعی شعبہ کو یکم جنوری سے بلاوقفہ برقی سربراہی ‘ جگدیش ریڈی

حیدرآباد 7 ڈسمبر ( این ایس ایس ) ریاستی وزیر توانائی جی جگدیش ریڈی نے آج کہا کہ ریاستی حکومت نے توانائی کے شعبہ میں چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ کی قابل قیادت میں کئی کامیابیاں حاصل کی ہیں۔ انہوں نے توانائی اور عصری پیداواری طریقوں پر دہلی میں منعقدہ قومی کانفرنس میںشرکت کی ۔ اس کی صدارت مرکزی وزیر توانائی آر کے سنگھ نے کی تھی ۔ جگدیش ریڈی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی سب سے کم عمر ریاست آئندہ جنوری سے زرعی شعبہ کو بلاوقفہ برقری سربراہ کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے ۔ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ یکم جنوری سے 24 گھنٹے برقی سربراہ کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ملک کی وہ واحد ریاست ہے جہاں دن میں زرعی شعبہ کیلئے 9 گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہ کی جا رہی ہے ۔ اب اس کو مزید بہتر بناتے ہوئے 24 گھنٹے بلا وقفہ برقی سربراہ کی جائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ کے سی آر حکومت نے جامع منصوبہ بندی اور خاطر خواہ فنڈز کی فراہمی کے ذریعہ برقی بحران پر قابو پالیا ہے ۔ زرعی شعبہ ‘ صنعت اور گھریلو ضروریات کی بڑھتی ضروریات کو پورا کرنے سرکاری مشنری تیار ہو رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کانفرنس میں کئی امور پر غور و خوض کیا گیا ۔ انہوں نے بتایا کہ برقی پیداوار ‘ اس کی کھپت وغیرہ کے تعلق سے مختلف ریاستوں کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کا بھی کانفرنس میں جائزہ لیا گیا ہے ۔