ناگپور۔ 9؍فروری (سیاست ڈاٹ کام)۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی نے آج مرکزی وزیر زراعت شرد پوار کی ملک کے زرعی شعبہ میں شاندار کارکردگی پر ان کی ستائش کی۔شرد پوار گذشتہ 10 سال سے مرکزی وزیر زراعت ہیں۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ان 10 سالوں میں مختلف فصلوں کی پیداوار میں زبردست کارنامے انجام دیئے گئے ہیں۔ صدر جمہوریہ پرنب مکرجی 5 روزہ قومی زرعی نمائش ’’کریشی وسنت 2014‘‘ کا افتتاح کررہے تھے۔اس نمائش میں مرکزی وزیر زراعت شرد پوار بھی شریک تھے ۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ شرد پوار نے زرعات کے شعبہ کو ایک نئی جہد دی ہے ۔گورنر مہاراشٹرا کے شنکر نارائنن نے تقریب کی صدارت کی ۔ چیف منسٹر پرتھوی راج چوہان بھی اس موقع پر موجود تھے ۔صدر جمہوریہ نے اپنے تبصرہ میں شعبہ صنعت پر زور دیا کہ وہ اپنی عصری ٹکنالوجی کے ساتھ زرعی شعبہ سے اتحاد کریں تا کہ زرعی پیدا وار میں اضافہ کیا جاسکے۔ صدر جمہوریہ نے کہا کہ ماضی میں ملک بیرونی ممالک سے درآمد پر منحصر تھا لیکن اب خود مکتفی ہونے کے بعد زرعی پیداوار برآمد کرنے کے موقف میں آگیا ہے۔