حیدرآباد۔یکم نومبر، ( سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے تلنگانہ میں زرعی اراضیات کی خرید و فروخت کیلئے ایک نئی پالیسی کا منصوبہ بنایا ہے۔ یہ پالیسی عنقریب وضع کی جائے گی۔ چیف منسٹر نے ریاستی سطح کے بینکرس اور محکمہ زراعت کے عہدیداروں کا اجلاس طلب کرکے تفصیلات کا جائزہ لیا۔ موجودہ رہنمایانہ خطوط کے باعث اراضیات کی ملکیت کی منتقلی میں کئی رکاوٹیں پیدا ہورہی ہیں۔ چیف منسٹر چاہتے ہیں کہ نئی پالیسی وضع کرکے ان اراضیات کی خرید و فروخت کو آسان بنایا جاسکے۔ ریاستی سطح پر 31 ڈسمبر تک اراضی سروے کا کام پورا ہوجائے گا اور نئے پاس بک یکم جنوری سے جاری کئے جائیں گے۔ کے چندر شیکھر راؤ نے کہا ہ وہ چاہتے ہیں کہ نئی پالیسی کو کسان دوست ماحول میں نئے ریکارڈز کی بنیاد پر شروع کیا جائے۔ بینک کے قرضہ جات میں راحت دینے کے علاوہ چیف منسٹر نے کہا کہ بینکوں کو چاہیئے کہ وہ کسانوں کو مکتوبات روانہ کرتے ہوئے ان کے قرضہ جات کی ادائیگی کی سند بھی دے دیں اور کسانوں کو اطلاع دی جائے کہ بینک قرضوں کی ادائیگی باقی نہیں ہے۔