کسانوں کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا ‘ وی ہنمنت راؤ
حیدرآباد 22 جون ( پی ٹی آئی ) کانگریس کے رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج کہا کہ زراعت میں استعمال کئے جانے والے آلات اور دیگر اشیا پر جی ایس ٹی کے نفاذ سے کسانوں کو مشکلات پیش آئیں گی ۔ انہوں نے کہا کہ کسان برادری پہلے ہی سے مسائل کا شکار ہے اور زرعی مقاصد کیلئے استعمال ہونے والے آلات پر 12 فیصد جی ایس ٹی کے نفاذ سے ان کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا ۔ کانگریس قائدین اور کارکنوں نے ہنمنت راؤ کی قیادت میں زرعی اشیا پر جی ایس ٹی کے نفاذ کے خلاف مظاہرہ میں حصہ لیا ۔ ہنمنات راؤ نے کہا کہ پولیس نے ان کے احتجاجی مظاہرہ کو ناکام بنانے کی کوشش کی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ احتجاج میں شامل کانگریس قائدین اور کارکنوں کو پولیس نے احتجاج کے مقام سے ہٹا دیا ہے ۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ کسان پہلے ہی سے مسائل کا شکار ہیں۔ وہ اپنی پیداوار کیلئے اقل ترین امدادی قیمت کا مطالبہ کر رہے ہیں۔ اگر جی ایس ٹی زراعت پر بھی لاگو کیا جاتا ہے تو کسان برادری کے مسائل میں مزید اضافہ ہوگا اور ان کی پریشانیاں بڑھ جائیں گی ۔ واضح رہے کہ تلنگانہ میں مرچی کے کسانوں نے اپنی پیداوار کیلئے اقل ترین امدادی قیمت مقرر کرنے کے مطالبہ پر احتجاجی مظاہرے کئے تھے ۔ پولیس نے احتجاج میں شامل کانگریس قائدین اور کارکنوں کو وہاں سے زبردستی منتقل کردیا ۔