زراعت میں دوبارہ ریکارڈ پیداوار ہوگی: روپالا

نئی دہلی، 18 ستمبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیر مملکت برائے زراعت پرشوتم روپالا نے آج کہا کہ بارش میں میں یکسانیت نہ ہونے کے باوجود سال19۔ 2018 میں خریف اور ربیع کے دوران فصلوں کی ریکارڈ پیداوار ہوگی۔مسٹر روپالا نے قومی زرعی کانفرنس – خریف مہم 2018 سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کے کچھ حصوں میں اوسط بارش نہیں ہوئی ہے اور کیرالہ میں سیلاب آیا ہے لیکن اس کے باوجود کسانوں کی سخت محنت، اعلی درجے کی بیج، زراعت کے لئے ضروری کھاد اور آبپاشی سہولیات کی توسیع سے فصلوں کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جہاں بھی سیلاب سے نقصان ہوا ہے اس کی تلافی ربیع مہم کے دوران کی جائے گی۔ حکومت نے سال19۔ 2018 میں خریف اور ربیع کے کل اناج کی پیداوار کا ہدف 28 کروڑ 37 لاکھ ٹن مقرر کیا ہے ۔ اس دوران چاول کی پیداوار 11 کروڑ 30 لاکھ ٹن، گندم کی 10 کروڑ ٹن، مکئی کا دو کروڑ 80 لاکھ ٹن، موٹے اناج کی چار کروڑ 67 لاکھ ٹن، دلھنوں کی دو کروڑ 40 لاکھ ٹن اور تلھنوں کی پیداوار تین کروڑ 60 لاکھ ٹن کرنے کا ہدف مقرر کیا ہے ۔ گنا کی پیداوار 35 کروڑ 50 لاکھ ٹن مقرر کیا گیا ہے ۔