زدوکوب کے ذریعہ ہلاکتوں کیخلاف مانسون اجلاس میں قانون سازی کا مطالبہ

نئی دہلی ۔18 جولائی ۔( سیاست ڈاٹ کام ) سی پی آئی ( ایم ) نے آج مطالبہ کیا کہ ایک جامع قانون پارلیمنٹ کے جاری مانسون اجلاس میں زدوکوب کے ذریعہ ہلاکتوں کے خلاف منظور کیا جانا چاہئے جو سپریم کورٹ کی ہدایت کے بموجب ہو ۔ سپریم کورٹ نے کل پارلیمنٹ سے خواہش کی تھی کہ قانون سازی پر غور کیا جائے تاکہ ہجوم کی جانب سے زدوکوب کے ذریعہ ہلاک کردینے کے خلاف عمل کا نئے قانون کے تحت انسداد ہوسکے ۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سی پی آئی (ایم ) کے پولٹ بیورو نے مطالبہ کیا کہ پارلیمنٹ کے جاریہ اجلاس میں سپریم کورٹ کی ہدایت کے مطابق ایک جامع قانون منظور کیا جائے تاکہ ملک میں نظم و قانون برقرار رکھا جاسکے ، ملک کے سیکولر اقدار کا تحفظ کیا جاسکے اور ہجوم کے جنون پر قابو پایا جاسکے ۔ بے رحمانہ حملے کی جو پاکور میں اگنی ویش پر کیا گیا مذمت کرتے ہوئے سی پی آئی ایم نے کہا کہ خاطیوں کی شناخت کرکے اُنھیں قرار واقعی سزاء دی جانی چاہئے جیسا کہ بی جے پی نے کہا ہے ۔