نظام آباد ایم پی کویتا کا دورہ ہاسپٹل، طلبہ کی عیادت، ڈاکٹرس کو ہدایت
حیدرآباد۔/26جولائی، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس رکن پارلیمنٹ نظام آباد کے کویتا نے آج یشودھا ہاسپٹل پہنچ کر میدک میں بس حادثہ میں زخمی ہونے والے طلبہ کی عیادت کی۔ کویتا نے پارٹی کے دیگر قائدین کے ساتھ دواخانہ پہنچ کر زخمی طلبہ کے افراد خاندان سے بھی ملاقات کی اور انہیں حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کا یقین دلایا۔ انہوں نے ڈاکٹرس سے زخمی طالب علموں کی صحت کے بارے میں دریافت کیا۔ کویتا نے دواخانہ کے حکام کو ہدایت دی کہ وہ طلبہ کے بہتر سے بہتر علاج کو یقینی بنائیں اور علاج میں کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔ کویتا نے کہا کہ تمام زخمیوں کا سرکاری خرچ پر مفت علاج کیا جائے گا اور حکومت چاہتی ہے کہ یہ طلبہ صحت یاب ہوکر دوبارہ تعلیم سے وابستہ ہوجائیں۔ اس واقعہ پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کویتا نے کہا کہ ریلوے حکام کی لاپرواہی کے سبب یہ حادثہ پیش آیا اور حکومت نے جنگی خطوط پر تمام ایسے ریلوے کراسنگ جہاں سے گاڑیوں کا گذر ہوتا ہے گیٹس نصب کرنے کی ہدایت دی ہے، تلنگانہ میں یہ کام شروع ہوچکا ہے۔ انہوں نے زخمی طلبہ کی عاجلانہ صحت یابی کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کیا۔ کویتا نے کہا کہ حکومت مستقبل میں اس طرح کے واقعات کی روک تھام کیلئے ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ اسی دوران یشودھا ہاسپٹل کے ذرائع نے بتایا کہ دواخانہ میں زیر علاج چار کمسن طلبہ کی حالت ہنوز تشویشناک ہے۔ دواخانہ کے حکام کی جانب سے جاری کردہ ہیلت بلیٹن میں بتایا گیا ہے کہ چار طلبہ کی حالت تشویشناک ہے اور ڈاکٹرس ان کی صحت پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ان طلبہ میں شرت، شریشا، شراوانی، سریشانت شامل ہیں۔ ڈاکٹرس نے بتایا کہ دیگر 9طلبہ کی حالت کسی قدر مستحکم ہے اور وہ تیزی سے صحتیاب ہورہے ہیں، انہیں آئی سی یو سے جنرل وارڈ میں منتقل کردیا گیا ہے۔ دواخانہ میں زخمیوں کے افراد خاندان کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے حکومت کی جانب سے اقدامات کئے گئے۔