حیدرآباد 28اگست (یو این آئی ) سڑک اور برج کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے بجلی کاجھٹکہ لگنے سے زخمی ہونے والے ایک شخص کو بروقت اسپتال منتقل نہیں کیا جا سکا جس کے نتیجے میں اس کی موت ہوگئی۔یہ واقعہ تلنگانہ کے عادل آباد ضلع کے ایک قبائلی علاقہ میں پیش آیا۔ضلع کے بھیم پور منڈل کے موضع گبڈی میں ایک شخص کو بجلی کا جھٹکہ لگنے کی وجہ سے گاؤں والے اسے اسپتال علاج کیلئے اپنے کاندھے پر لے کر نکلے لیکن گبڈی گاؤں میں روڈ اور برج کی سہولت نہ ہونے کی وجہ سے راستے میں ہی اسکی موت واقع ہوگئی۔ گاؤں والوں کا کہنا ہے کی اس گاؤں میں ان لوگوں کو کسی قسم کی کوئی سہولت میسر نہیں ہے ۔راشن اور دیگر ضروری سامان لانے کیلئے پیدل 5 کلومٹر چل کر قریبی دیہات کرنجی ٹی سے راشن ودیگر ضروری سامان لانا پڑتا ہے کیونکہ انکے گاؤں میں راستے اور دیگر سہولیات نہ ہونے کی وجہ سے کوئی بھی انکے یہاں سروے کیلئے نہیں آتے۔گاؤں والوں اور نوجوانان ایم پراوین، کنٹا سوامی ،ایم ہریش،گوپا آکاش ،ایم ونود اور دیگر نے ان کے گاؤں گبڈی کے تمام مسائل کو جلد حل کرنے کا حکومت سے پرزور مطالبہ کیا ہے ۔