جمعرات سے انٹرویوز،رباط میں قیام کیلئے آئندہ ماہ قرعہ اندازی، مسیح اللہ خاں اور پروفیسر ایس اے شکور کی پریس کانفرنس
حیدرآباد ۔ 27 ۔مارچ (سیاست نیوز) سعودی عرب میں ایام حج کے دوران عازمین حج کی خدمت اور رہنمائی کیلئے اسسٹنٹ حج آفیسرس اور حج اسسٹنٹس کے انتخاب کیلئے 29 مارچ سے حیدرآباد میں انٹرویوز کا آغاز ہوگا۔ مرکزی وزارت اقلیتی امور اور سنٹرل حج کمیٹی کے عہدیدار انٹرویو کے سلسلہ میں حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ تلنگانہ حج کمیٹی انتظامات کی نگرانی کریں گی۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں اور اگزیکیٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے آج پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایا کہ 6 ریاستوں تلنگانہ ، آندھراپردیش ، کرناٹک ، کیرالا ، ٹاملناڈو اور لکشا دیپ کے امیدواروں کیلئے حیدرآباد کو مرکز بنایا گیا ہے۔ انٹرویوز 2 اپریل تک جاری رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ پہلی مرتبہ حیدرآباد کو یہ اعزاز حاصل ہوا ہے کہ حج ڈیوٹی پر جانے والے سرکاری ملازمین اور عہدیداروں کا تقرر یہاں سے عمل میں آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ روزانہ 150 تا 200 افراد کے انٹرویوز ہوں گے جن سے درخواستوں کی طلبی کا عمل پہلے ہی مکمل کیا جاچکا ہے۔ جاریہ سال کولکتہ، ممبئی اور حیدرآباد میں انٹرویوز منعقد کئے جارہے ہیں۔ صدرنشین حج کمیٹی مسیح اللہ خاں نے بتایا کہ تلنگانہ حج کمیٹی نے اس بات کی کوشش کی کہ حیدرآباد میں انٹرویوز منعقد ہو۔ انہوں نے کہا کہ عزیزیہ اور گرین زمرہ کے عازمین کیلئے برانچ آفس قائم کئے جاتے ہیں جہاں حج اسسٹنٹ آفیسرس اور حج اسسٹنٹ تعینات رہتے ہیں ۔ ان کی ذمہ داری عازمین حج کی رہنمائی اور انہیں تمام ضروری خدمات فراہم کرنا ہے۔ اگزیکیٹیو آفیسر پروفیسر ایس اے شکور نے بتایا کہ جاریہ سال مکہ مکرمہ میں نظام رباط میں 1286 عازمین حج کیلئے رہائش کا انتظام کیا جارہا ہے۔ اس سلسلہ میں بکوتما علاقہ میں تین عمارتیں حاصل کی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ نظام رباط میں سابق ریاست حیدرآباد سے تعلق رکھنے والے اضلاع کے عازمین بھی درخواست دے سکتے ہیں۔ عزیزیہ زمرہ کے عازمین کیلئے یہ سہولت رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ 1286 عازمین کی تصریح کو کونسل جنرل جدہ کی منظوری باقی ہے جس کے بعد اپریل کے پہلے ہفتہ میں قرعہ اندازی کے ذریعہ عازمین کا انتخاب کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے 31 اضلاع ، کرناٹک کے چار اضلاع بیدر ، گلبرگہ ، رائچور اور یادگیر، مہاراشٹرا کے 8 اضلاع اورنگ آباد ، بیڑ، جالنہ ، لاتور ، ہنگولی ، ناندیڑ، عثمان آباد اور پربھنی کے عازمین رباط میں قیام کیلئے درخواست دے سکتے ہیں۔ تلنگانہ میں عزیزیہ زمرہ کے تحت 3368 عازمین ہے جبکہ مہاراشٹرا میں 2338 اور کرناٹک میں 870 عازمین ہیں۔ اس طرح جملہ 6576 عازمین کی قرعہ اندازی کے ذریعہ 1286 عاز مین کا انتخاب عمل میں آئے گا۔ نظام فیملی کیلئے 10 فیصد کوٹہ مقرر کیا گیا ہے۔ پروفیسر ایس اے شکور نے کہا کہ دوسری قسط کی ادائیگی کی تاریخ اپریل کے دوسرے ہفتہ میں آسکتی ہے ۔ لہذا پہلے ہفتہ میں رباط کی قرعہ اندازی مکمل کرلی جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ رباط میں قیام کی صورت میں فی عازم تقریباً 50000 روپئے کی بچت ہوگی۔ انہوں نے بتایا کہ تلنگانہ میں 82 منتخب افراد نے اپنا سفر منسوخ کردیا ہے جبکہ 200 سے ز ا ئد افراد نے پہلی قسط کی رقم جمع نہیں کی۔ پروفیسر اے شکور کے مطابق ناظر رباط حسین محمد الشریف قرعہ اندازی کے موقع پر موجود رہیں گے۔