اے ٹی ایم مشینوں میں کیسٹ کی تنصیب کیلئے آر بی آئی سے ہدایت کی عدم وصولی ، صرف بینکوں سے اجرائی
حیدرآباد ۔ 4 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : آر بی آئی کی جانب سے جاری کردہ 200 روپئے کی نئی نوٹ کی اے ٹی ایم تک رسائی کے لیے مزید تین ماہ انتظار کرنا پڑے گا ۔ نوٹ بندی کے بعد 2000 روپئے کے زیادہ نوٹ منظر عام پر آئے بڑی نوٹوں کے مارکٹ میں آجانے سے چلر کی قلت پیدا ہوگئی تھی اس عام شکایت کو دور کرنے کے لیے ریزرو بینک آف انڈیا نے 200 روپئے کی نئی نوٹ جاری کی ہے ۔ مگر یہ نئی نوٹ صرف بینکوں سے دستیاب ہورہی ہے ۔ اے ٹی ایم سے 200 روپئے کی نئی نوٹ دستیاب نہیں ہورہی ہے ۔ ذرائع کے بموجب اے ٹی ایم تک نئی 200 روپئے کی نوٹ پہونچنے کے لیے مزید تین ماہ کا وقت لگ سکتا ہے کیوں کہ نئی نوٹ کے لیے اے ٹی ایم مشینوں میں تبدیلیاں کرنا لازمی ہے ۔ جب کہ حقیقت یہ ہے کہ اس کام کا ابھی آغاز ہی نہیں ہوا ہے ۔ اے ٹی ایم سرگرمیوں پر نظر رکھنے والی خانگی کمپنیوں کا کہنا ہے کہ اے ٹی ایم مشینوں میں تبدیلی کے لیے ہنوز آر بی آئی سے انہیں احکامات وصول نہیں ہوئے چند بینک عہدیداروں کی جانب سے غیر سرکاری طور پر اے ٹی ایم کے کیٹس میں تبدیلی لانے کے احکامات وصول ہوئے ہیں تاہم ملک میں موجود 2.25 لاکھ اے ٹی ایم مشینوں میں تبدیلی کی جائے یا چند مقامات کے اے ٹی ایم مشینوں میں تبدیلی لائی جائے اس کی وضاحت نہیں کی گئی ہے ۔ جس سے 200 روپئے کی نئی نوٹ اے ٹی ایم سے دستیاب نہیں ہورہی ہے ۔۔