ریکارڈزساز کک کی سادگی،آج بھی لوکل ٹرین سے سفر

لندن۔10 ستمبر(سیاست ڈاٹ کام)شاید ہندوستان میں یہ بات کسی طرح ممکن نہیں بلکہ ناقابل یقین ہے کوئی اسٹارکرکٹر میچ کے دوران میدان آنے اور جانے کیلئے عوامی حمل نقل (بس/ ٹرین) استعمال کرے۔لیکن انگلینڈ میں ایسا کرنا کوئی حیران کن نہیں۔ سابق انگلش کپتان اور کیریئر کا آخری ٹسٹ کھیلنے والے الیسٹر کک البتہ ہمیشہ ایسا ہی کرتے ہیں۔ وہ اوول میں جاری اپنے آخری انٹرنیشنل میچ کیلئے ہر روز صبح گھر سے زیر زمین ٹرین’’ ٹیوب ‘‘ کے ذریعے اوول پہنچتے ہیں، کھیل ختم ہونے کے بعد اسی طرح گھر لوٹ جاتے ہیں۔ ان کی رہائش اسٹیڈیم سے بہت فاصلے پر ہے، ان کیلئے سفر کا یہ بہترین اور محفوظ ترین طریقہ ہے۔ وہ آخری میچ کھیل رہے ہیں اور بین الاقوامی میڈیا کی پوری توجہ ان پر ہے لیکن اسٹار بیٹسمین کے معمول میں کوئی فرق نہیں آیا۔ سفر میں ان کا ساتھ دینے والوں میں فاسٹ بولر جیمز اینڈرسن، اولی پوپ، کیٹن جیننگز اور ٹیم منیجمنٹ کے چند ارکان بھی ہوتے ہیں۔ یہ سب کیسے ممکن ہے، اتنا بڑا کرکٹر عام ٹرین میں لوگوں کے درمیان آسانی سے سفر کرے،اس حوالے سے استفسار پر ایک شخص نے کہا کہ ہندوستان یا پاکستان اور انگلینڈ کے کرکٹ کلچر یکسر مختلف ہیں، جی ہاں کک کو کچھ پرستار ضرور ملتے ہیں، وہ ان کے ساتھ سیلفی کی خواہش کرتے ہیں جس پر کک خوشدلی سے حامی بھرلیتے ہیں۔لوگوں نے کبھی انہیں ہراساں کرنے کی کوشش نہیں کی۔ جب لوگوں نے کک کو اپنے درمیان دیکھا تو استقبال کیلئے کھڑے ہوئے اور تالیاں بجا کر ان کی کامیابیوں پر داد دی۔