ممبئی ، 26 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) ممبئی میں عصمت ریزی کے الزامات کا سامنا کرنے والے تقریباً 72 فیصد ملزمین نے بتایا جاتا ہے کہ متاثرہ لڑکیوں کو اپنی ہوس کا شکار بنانے کیلئے انھیں شادی کا وعدہ کرتے ہوئے پھنسایا، رواں سال اکٹوبر تک اس طرح کے کیسوں کے جائزے سے یہ حقیقت آشکار ہوئی ہے۔ پولیس کمشنر راکیش ماریا نے آج کہا کہ پولیس کے جمع کردہ مواد سے ظاہر ہوتا ہے کہ اس سال ممبئی میں ابھی تک 542 ریپ کیس درج کئے گئے، جن میں سے 389 جرائم (71.9 فیصد) کا ارتکاب خود متاثرین کے ’’بوائے فرینڈز‘‘ نے کیا جبکہ انھوں نے شادی کا وعدہ بھی کر رکھا تھا۔ کمشنر نے کہا کہ جنسی حملے کے صرف چھ فیصد معاملوں میں اجنبی افراد ملوث ہوئے جبکہ بقیہ میں ملزمین، متاثرین کے رشتے دار ہیں یا پھر کوئی خونی رشتہ رکھتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ریپ پر اب پہلے سے کہیں زیادہ متاثرین رجوع ہورہے ہیں۔