پلوال (ہریانہ) 2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) ایک ریٹائرڈ فوجی کیپٹن نے جو ذہنی مریض ہے، ایک آہنی سلاخ سے دیوانہ وار حملے میں آج 6 افراد کو موت کے گھاٹ اُتار دیا۔ پولیس نے کہا کہ اس کا ہلاکت خیز حملہ تقریباً دو گھنٹے چلا ۔ 45 سالہ نریش دھنکھڈ نے رات دیر گئے 2 بجے سے 4 بجے تک آگرہ چوک اور کیمپ کالونی کے درمیان دو کیلو میٹر کی پٹی میں دنگا کیا اور گہرے کہر کے سبب حدبصارت میں کمی کا فائدہ اٹھایا ۔ اس نے سب سے پہلے ایک خانگی ہاسپٹل کے سیکنڈ فلور پر ایک شخص کو ہلاک کیا اور پھر راستوں پر دندناتے ہوئے 5 دیگر افراد کو ہلاک کیا ۔ ایک دیگرشخص زخمی بھی ہوا ہے ۔ بلبھ گڑھ کے قریب مچھگر کے ساکن نریش نے پولیس والوں پر بھی حملہ کیا جب انہوں نے اسے روکنے کی کوشش کی ۔ وہ 1999 ء میں آرمی میں شامل ہوا تھا اور 2003 ء میں طبی بنیادوں پر سبکدوشی اختیار کرلی ۔ بعد میں وہ ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کے سب ڈیویژنل آفیسر کی حیثیت سے کام کررہا تھا ۔
فوجیوں کے جانی نقصان پر بی جے پی ایم پی کا متنازعہ تبصرہ
نئی دہلی ۔ /2 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) بی جے پی رکن پارلیمنٹ نیپال سنگھ نے آج اپنے تبصرے کے ذریعہ ایک تنازعہ چھیڑ دیا کہ فوجی جوان تو روز ہی مرتے ہیں اور ایسا کوئی ملک نہیں جہاں یہنہیں ہوتا ہے ۔ بی جے پی لیڈر جو لوک سبھا میں رام پور کی نمائندگی کرتے ہیں ان کے ریمارکس نے اپوزیشن کو پارلیمنٹ میں مودی حکومت کو نشانہ بنانے کا موقع فراہم کیا جیسا کہ کانگریس نے معذرت خواہی کا مطالبہ کیا ہے ۔ نیپال سنگھ نے ایوان میں ایک سوال پر ایسا کہہ دیا کہ آرمی میں فوجی روز بڑھتے ہیں ۔ اس تبصرہ نے بلاشبہ بی جے پی کو پشیمانی مبتلا کیا ہے ۔