حیدرآباد ۔ 30اپریل ( سیاست نیوز) ایر چیف مارشل ( ریٹائرڈ) یس حسن لطیف کا آج یہاں انتقال ہوگیا ۔ ان کی عمر 94سال تھی ‘ غالباً وہ واحد ایرفورس افسر تھے جو تین محتلف ایر فورسیس سے وابستہ رہتے ہوئے بشمول دوسری عالمی جنگ ‘ کئی جنگوں میں حصہ لے چکے ہیں ۔ نیم ایر چیف مارشل ہندوستانی مسلح افواج کے کسی شعبہ کی قیادت کرنے والے واحد مسلم سربراہ بھی تھے ۔ وہ 9جون 1923ء میں حیدرآباد میں پیدا ہوئے تھے اور نظام کالج میں حصول تعلیم کے بعد 1942ء میں ایر فورس سے وابستہ ہوئے تھے جب ان کی عمر صرف 19سال تھی ۔ دوسری عالمی جنگ کے علاوہ ہند ۔ پاک جنگ اور ہند ۔ چین جنگوں میں حصہ لیا تھا ۔ برما کی مہم میں انہوں نے اسکواڈرن لیڈر اصغر خان اور فلائٹ لیفٹننٹ نور خان کے ساتھ حصہ لیا تھا ۔ ادریس حسن لطیف ہندوستانی ایر فورس کے سربراہ کے عہدہ پر فائز ہوئے جبکہ اصغر خان اور نور خان پاکستانی ایرفورس کے سربراہ مقرر کئے گئے تھے ۔جناب ادریس حسن لطیف مہاراشٹرا کے سابق گورنر بھی تھے ۔ ان کی اہلیہ پدم شری بلقیس لطیف کا گذشتہ سال انتقال ہوا تھا ۔ شہر کی مورخ انورادھا ریڈی نے ایر مارشل لطیف کو ایک عظیم انسان ‘ ایک محب وطن اور منفرد خصوصیات کی حامل شخصیت قرار دیا ۔ ریٹائرڈ ایر مارشل ادریس حسن لطیف کی نماز جنازہ یکم مئی منگل کو 11بجے دن مسجد سلیمانیکے قریب جماعت خانہ میں ادا کی جائے گی اور متصلہ قبرستان میں تدفین عمل میں آئے گی ۔