ممبئی ۔ /31 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہندوستانی کپتان مہیندر سنگھ دھونی نے آج میچ کے بعد پریس کانفرنس کے دوران ریٹائرمنٹ کے بارے میں سوال پر انوکھا انداز اختیار کیا ۔ انہوں نے سوال کرنے والے آسٹریلیائی رپورٹر کو اپنے پاس طلب کیا اور کرسی قریب کرتے ہوئے انہیں بازو بٹھایا اور کندھے پر ہاتھ رکھ کر کہا کہ آپ ہندوستانی صحافی نہیں ہے ورنہ میں یہ سوال کرتا کہ کیا آپ کا کوئی بیٹا یا بھائی وکٹ کیپر بننے کیلئے تیار ہیں ۔ اس کے بعد دھونی نے اس رپورٹر فیریس سے سوال کیا کہ کیا آپ مجھے ریٹائرڈ دیکھنا چاہتے ہیں ۔انہوں نے نفی میں جواب دیا اس پر دھونی نے پوچھا کہ پھر آپ ایسا سوال کیوں کررہے ہیں ۔ اس کے بعد پھر دھونی نے رپورٹر سے سوال کیا کہ کیا میری رفتار تیز نہیں ہے؟ کیا آپ کو ایسا نہیں لگتا کہ میں 2019ء ورلڈ کپ تک کھیل پاؤں گا ؟ اس پر رپورٹر نے کہا یقیناً ایسا ہوسکتا ہے ۔ دھونی نے کہا آپ نے جو سوال پوچھا تھا اس کا جواب بھی آپ خود دے چکے ہیں۔