ریو اولمپکس کا رنگارنگ اختتام، رینکنگ میں امریکہ 1 ، انڈیا 67

ریو ڈی جنیرو ، 22 اگسٹ (سیاست ڈاٹ کام) برازیل کے شہر ریو ڈی جنیرو میں 5 اگسٹ سے شروع کردہ 31 ویں اولمپیاڈ اتوار کی شب لگ بھگ تین گھنٹے کی رنگارنگ اختتامی تقریب کے ساتھ ختم ہوگئے ہیں۔ تقریب کے دوران اولمپک پرچم جاپان کے شہر ٹوکیو کے سپرد کر دیا گیا ہے ، جہاں 2020ء میں اگلے اولمپکس منعقد ہوں گے۔ بارش میں بھیگتے ماکارانا اسٹیڈیم میں کارنیوال کی طرز پر منعقدہ تقریب میں برازیل کے فن و ثقافت کو اجاگر کیا گیا۔ انٹرنیشنل اولمپکس کمیٹی کے سربراہ تھامس باخ نے کہا: ’’ایک زبردست شہر میں زبردست اولمپکس منعقد کئے گئے۔ پچھلے 16 دنوں میں  متحد برازیل نے دنیا بھر کو تحریک فراہم کی، اور ان مشکل حالات میں سب کو زندگی سے لطف اندوز ہونے کا موقع فراہم کیا۔‘‘ باخ نے 16 روزہ مقابلوں کے بعد رسمی طور پر کھیلوں کے خاتمے کا اعلان کیا۔ اس دوران 205 ملکوں سے تعلق رکھنے والے زائد از 11,000 اتھلیٹس 42 کھیلوں میں حصہ لئے۔ تقریب میں اسٹیڈیم کے میدان پر اتھلیٹس نمودار ہوئے جن میں روایت کے مطابق یونان والوں کو مقدم رکھا گیا۔ اولمپک میڈل جیتنے والی اولین ہندوستانی خاتون ریسلر ساکشی ملک کی قیادت میں ملک کا جتھہ بھی بارش کا سامنا کرتے ہوئے ترنگا لہراتا رہا۔ ہندوستانی پرچم تھامنے کا اعزاز ساکشی کے حصہ میں آیا کیونکہ سلور میڈلسٹ شٹلر پی وی سندھو گزشتہ روز ہی وطن کیلئے روانہ ہوچکی تھیں۔ مینس اور ویمنس ہاکی ٹیموں، ریسلرز اور باکسر جوڑی شیوا تھاپا اور منوج کمار کے بشمول تقریباً 50 ہندوستانیوں نے اتھلیٹس پریڈ میں حصہ لیا۔ اس رات کا ایک یادگار لمحہ اس وقت دیکھنے کو ملا جب جاپان کے وزیرِاعظم شنزو آبے ایک بہت بڑے سبز پائپ کے اندر سے کمپیوٹر گیم کے کردار سوپر ماریو کے روپ میں نمودار ہوئے۔ اس اختتامی تقریب کو دنیا بھر کے اربوں لوگوں نے ٹیلی ویژن کی اسکرین پر دیکھا۔ مقابلوں کے دوران سب سے زیادہ طلائی تمغے امریکہ نے حاصل کئے جبکہ دوسرے نمبر پر برطانیہ اور چین تیسرے نمبر پر رہا۔ امریکہ نے 46 طلائی تمغوں سمیت جملہ 121 تمغے جیتے۔ برطانیہ سونے کے تمغے جیتنے کے اعتبار سے دوسرے نمبر پر رہا۔ برطانیہ نے 27 طلائی تمغے جیتے اور اس کے جملہ تمغوں کی تعداد 67 رہی۔ ریو اولمپکس میں 1908ء کے بعد برطانیہ نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ لندن 2012ء کے مقابل امریکہ اور برطانیہ نے مجموعی طور پر بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے جبکہ چین کو بڑا نقصان ہوا ہے اور اس نے 70 میڈلز حاصل کئے جبکہ گزشتہ اولمپکس میں اس کے تمغوں کی تعداد 88 تھی جس میں 39 طلائی تمغے تھے۔ چین نے اگرچہ مجموعی طور پر برطانیہ سے کچھ زیادہ تمغے جیتے جن کی تعداد 70 رہی لیکن چین نے برطانیہ کے مقابل ایک گولڈ میڈل کم جیتا۔ کھیلوں کے دوران انڈیا نے ایک سلور اور ایک برونز میڈل جیتا جبکہ پاکستان کوئی تمغہ حاصل نہیں کرسکا۔ ریو گیمز 2016ء کی اختتامی تقریب میں اولمپکس کا جھنڈا جاپان کے حوالے کیا گیا جہاں 2020ء کے اولمپک گیمز منعقد ہوں گے۔