ریووین ریولین نئے صدر اسرائیل منتخب

یروشلم ، 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) ریووین ریولین جو اسرائیل کی برسراقتدار لیکود پارٹی کے رکن ہیں، انہیں آج قوم کے دسویں صدر کی حیثیت سے منتخب کرلیا گیا۔ وہ شمعون پیریز کی جگہ لیں گے، جس کے ساتھ یہودی قوم کے نہایت معزز سرکاری عہدہ کی تاریخ میں ’’مذموم‘‘ مہم اختتام پذیر ہوئی۔ 74 سالہ ریولین نے ہتنوا پارٹی کے قانون ساز میئر شیریت کو دوسرے راونڈ کے مقابلہ میں شکست دی۔ ریولین کو 120 رکنی نیست (پارلیمان) میں 63 کی تائید حاصل ہوئی جس کے مقابل شیریت کی 53 ارکان نے حمایت کی۔ ان انتخابات سے قبل نمایاں امیدواروں نے ایک دوسرے پر بڑے بڑے الزام عائد کئے جن میں جنسی بے راہ روی سے لیکر اقتصادی تصرف بیجا تک الزامات شامل ہیں جس کے نتیجہ میں کئی تجزیہ نگاروں نے ان انتخابات کو اسرائیل کی تاریخ میں ’’سب سے گندے‘‘ قرار دیا ہے۔ 90 سالہ پیریز کے جانشین کا انتخاب دو ماہ کی شدید سیاسی مہم کے بعد عمل میں آیا ہے۔