چندرا بابو نائیڈو کی ایماء پر کے سی آر کے خلاف بے بنیاد الزامات :نرسمہا ریڈی
حیدرآباد 21 ستمبر ( این ایس ایس) تلنگانہ کے وزیر داخلہ نائینی نرسمہا ریڈی نے میٹرو ریل پراجکٹ کی اراضیات کے مسئلہ پر تلگودیشم کے لیڈر ریونت ریڈی کی جانب سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راو پر لگائے گئے الزامات کی سخت مذمت کی ہے ۔ مسٹر نرسمہاریڈی نے آج یہاں اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی کو ’سیاست میں ایک بچہ‘ قرار دیا ۔ انہوں نے الزامات عائد کیا کہ تلگودیشم لیڈر ریونت ریڈی محض آندھرا پردیش کے چیف منسٹر اور تلگودیشم پارٹی کے صدر این چندرا بابونائیڈو کی ایماء پر کے سی آر کے خلاف اس قسم کے بے بنیاد اور بے معنی الزامات عائد کررہے ہیں۔ نرسمہا ریڈی نے الزام عائد کیا کہ اس قسم کی جنونی باتیں کرنے کیلئے آندھرا پردیش کے چیف منسٹر ، اپنی پارٹی کے قائدین کو اکسا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسٹر نائیڈو کو کہا کہ وہ وقار و شائستگی برقرار رکھے اور اپنے حواریوں کو غلط الزامات عائد کرنے کیلئے مجبور نہ کریں۔