ریونت ریڈی کی دختر کی منگنی میں چندرا بابو نائیڈو کی اہلیہ اور فرزند مدعو

حیدرآباد۔/10جون، ( سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ معاملہ میں گرفتار تلگودیشم کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی کی شریک حیات مسزگیتا نے آج چندرا بابو نائیڈو کی شریک حیات بھونیشوری اور فرزند مسٹر لوکیش سے ملاقات کرتے ہوئے اپنی دختر کی منگنی میں شرکت کی دعوت دی۔ واضح رہے کہ اے سی بی عدالت نے 11جون کو ریونت ریڈی کو صبح 6تاشام 6بجے 12گھنٹوں کی مشروط ضمانت منظور کی ۔ ریونت ریڈی کی دختر کی 11جون کو 10:30بجے این کنونشن سنٹر میں منگنی تقریب مقرر ہے۔ ریونت ریڈی کی شریک حیات نے آج صدر تلگودیشم و چیف منسٹر آندھرا پردیش مسٹر این چندرا بابونائیڈو کی قیامگاہ پہنچ کر ان کی شریک حیات مسز بھونیشوری اور فرزند سے ملاقات کی۔ دونوں ماں بیٹے نے مسز گیتا سے ان کی دختر کی منگنی کی تیاریوں کے تعلق سے تفصیلات حاصل کی اور انہیں پریشان نہ ہونے کی تسلی دیتے ہوئے کہا کہ مصیبت کی اس گھڑی میں ساری تلگودیشم پارٹی ریونت ریڈی کے خاندان کے ساتھ ہے۔ انہوں نے منگنی تقریب میں شرکت کرنے کا بھی تیقن دیا۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے بشمول حیدرآباد میں دستیاب آندھرا پردیش کے وزراء اور تلگودیشم کے قائدین تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کے قائدین بڑی تعداد میں منگنی کی تقریب میں شرکت کرتے ہوئے ساری تلگودیشم پارٹی ان کے ساتھ ہونے کا ریونت ریڈی کو یقین دلائے گی۔