ریونت ریڈی کی تلگو دیشم سے عدم معطلی پر چندرا بابو سے استفسار

قانون کے روبرو سب برابر ، فون ٹیاپنگ سے حکومت لاتعلق : کے ٹی آر
حیدرآباد۔/19جون، ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے نوٹ برائے ووٹ اسکام میں چندرا بابو نائیڈو پر دوہرے معیارات اختیار کرنے کا الزام عائد کیا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ سابق میں جعلی اسٹامپ اسکام منظر عام پر آنے کے بعد چندرا بابو نائیڈو نے کرشنا یادو کو کابینہ سے علحدہ کردیا تھا لیکن آج تک نوٹ برائے ووٹ اسکام میں رنگے ہاتھوں گرفتار ریونت ریڈی کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اگر اس اسکام سے چندرا بابو نائیڈو کا کوئی تعلق نہیںہے تو انہیں چاہیئے تھا کہ وہ فوری ریونت ریڈی کو معطل کرتے۔ انہوں نے اس سلسلہ میں چندرا بابو نائیڈو سے وضاحت کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو ہمیشہ اصول پسندی اور سیاست کو بدعنوانیوں سے پاک کرنے کا درس دیتے ہیں لیکن وہ اس کی خلاف ورزی کے مرتکب ہوئے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اگر چندرا بابو نائیڈو نے اس اسکام میں کوئی رول ادا نہیںکیا تو پھر اسکام میں گرفتار شخص کو بچانے کی کوشش کیوں کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کو چاہیئے کہ وہ تحقیقات کا سامنا کرتے ہوئے خود کو بے قصور ثابت کریں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ قانون کے روبرو تمام برابر ہیں اور چندرا بابو نائیڈو کو چاہیئے کہ وہ قانون کا احترام کرتے ہوئے تحقیقات میں تعاون کریں۔ انہوں نے اس بات پر افسوس کا اظہار کیا کہ تلنگانہ حکومت پر فون ٹیاپنگ کا الزام عائد کرتے ہوئے چندرا بابو نائیڈو کرپشن کے اس تنازعہ کو دونوں ریاستوں میں سیاسی تنازعہ کی شکل دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں گورنر کو بھی نشانہ بنایا جارہا ہے۔ فون ٹیاپنگ معاملہ سے تلنگانہ حکومت کی لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ رکن اسمبلی اسٹیفن کی شکایت پر اینٹی کرپشن بیورو نے یہ کارروائی کی ہے اور اے سی بی کے پاس اس اسکام کے سلسلہ میں ٹھوس ثبوت موجود ہیں۔