ریونت ریڈی کیخلاف اے سی بی سپریم کورٹ سے رجوع

حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) نوٹ برائے ووٹ اسکام کے اصل ملزم اور تلگو دیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو ہائیکورٹ کی جانب سے ضمانت کی منظوری کے بعد تلنگانہ حکومت نے ان کے خلاف کارروائی کی تیاری شروع کردی ہے ۔ حکومت نے اینٹی کرپشن بیورو کو ہائیکورٹ کے فیصلہ کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع ہونے کی ہدایت دی اور اے سی بی حکام نے سپریم کورٹ میں اپیل دائر کردی۔ تاہم ابھی اس کی سماعت نہیں ہوئی۔ دوسری طرف تلنگانہ حکومت نے اس اسکام کے حوالے سے ریونت ریڈی کی رکنیت ختم کرنے کی تیاری شروع کردی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ ریونت ریڈی کے خلاف کارروائی کے سلسلہ میں کافی سنجیدہ ہیں اور وہ چاہتے ہیںکہ کسی بھی طرح اس معاملہ کو ختم ہونے نہ دیا جائے ۔ باوثوق ذرائع کے مطابق چیف منسٹر نے دستور اور قانون کے ماہرین سے مشاورت کی کہ ریونت ریڈی کی رکنیت برخواست کرنے کیلئے کیا کارروائی کی جاسکتی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت اسمبلی کے آئندہ سیشن میں ریونت ریڈی کے خلاف قرارداد منظور کرتے ہوئے اسمبلی کی رکنیت کالعدم کرنے پر غور کر رہی ہے۔ قواعد کے مطابق اسمبلی اور اسپیکر اسمبلی کو اس بات کا اختیار حاصل ہے کہ وہ کسی بھی رکن کے خلاف تادیبی کارروائی کرتے ہوئے اس کی رکنیت کو کالعدم کرسکتے ہیں ۔
حیدرآباد و سائبرآباد میں 8 مقدمات درج
حیدرآباد 2 جولائی ( سیاست نیوز) مسٹر اے ریونت ریڈی کے خلاف حیدرآباد و سائبر آباد پولیس نے 8 مقدمات درج کئے ہیں ۔ ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت منظور کئے جانے پر ریونت ریڈی کی چرلہ پلی جیل سے رہائی عمل میں آئی تھی جس کے پیش نظر سائبر آباد پولیس نے جیل کے احاطہ کے قریب دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات نافذ کئے تھے لیکن اس کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تلگودیشم پارٹی کے سینکڑوں کارکن چرلہ پلی جیل کے قریب جمع ہوگئے ۔ تلگودیشم رکن اسمبلی کو ریالی کی شکل میں پارٹی آفس واقع این ٹی آر ایس ٹرسٹ بھون لیجایا گیا اور دوران ریالی مسٹر ریونت ریڈی نے مبینہ طور پر قابل اعتراض تقریر کی اور غیر مجاز طور پر مائیک کا استعمال کیا ۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ملکاجگیری زون مس رما راجیشوری نے بتایا کہ حلقہ اسمبلی کوڑنگل کے تلگودیشم رکن اسمبلی مسٹر ریونت ریڈی کے علاوہ جوبلی ہلز رکن اسمبلی ماگنٹی گوپی ناتھ‘ شیرلنگم پلی کے رکن اسمبلی گاندھی اریکاپوڈی ‘رکن اسمبلی قطب اللہ پور مسٹر ویویکا نند ‘ رکن پارلیمنٹ ملکاجگیری مسٹر ملا ریڈی اور دیگر تلگودیشم قائدین کے خلاف پولیس اسٹیشن کشائی گوڑہ میں دو اور ملکاجگیری میں ایک مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ حیدرآباد کے مختلف علاقوں سے گذرنے والی ریالی کے خلاف سیف آباد ‘بنجارہ ہلز ‘چکڑ پلی ‘عثمانیہ یونیورسٹی اور دیگر پولیس اسٹیشن میں مقدمات درج کئے گئے۔