ریونت ریڈی کو کے سی آر کے خلاف بیانات سے باز آنے کا مشورہ

ٹی آر ایس سے بھی دندان شکن جواب دینے کا انتباہ ، جوپلی کرشنا راؤ
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر بھاری مصنوعات جوپلی کرشنا راؤ نے تلگو دیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی پر سخت تنقید کی اور چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ کے خلاف ان کی بیان بازی پر سخت انتباہ دیا۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کرشنا راؤ نے کہا کہ ضمانت پر رہائی کے بعد ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے خلاف جس طرح کی زبان استعمال کی ہے ، وہ ناقابل برداشت اور مہذب سماج کیلئے ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کو چیف منسٹر پر تنقید کا کوئی حق نہیں اور نہ ہی وہ اس قدر قد و قامت رکھتے ہیں کہ چیف منسٹر پر تنقید کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کو زبان کا استعمال احتیاط سے کرنا چاہئے ورنہ ٹی آر ایس بھی اسی انداز سے جواب دینا جانتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل میں تاخیر پر اپنی زندگیاں قربان کرنے افراد نے خودکشی کیلئے ریونت ریڈی کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے نوٹ لکھا تھا۔ ریونت ریڈی کو یہ بات فراموش نہیں کرنی چاہئے کہ وہ تلنگانہ کے نوجوانوں کی موت کے ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی مخالف تلنگانہ پالیسیوں کے سبب کئی نوجوانوں نے خودکشی کرلی۔ کرشنا راؤ نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے قیام کے باوجود ریونت ریڈی جیسے قائدین آندھرائی پارٹی تلگو دیشم سے وابستہ ہیں جو انتہائی شرمناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ الزام عائد کیا کہ چندرا بابو نائیڈو اور تلگو دیشم قائدین تلنگانہ کی ترقی میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے سازشیں کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر را ؤ کو اقتدار سے بے دخل کرنے ریونت ریڈی کا چیلنج مضحکہ خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے چندرا بابو نائیڈو کو نہ صرف اقتدار سے بیدخل کیا بلکہ تلنگانہ میں پارٹی کا مکمل صفایا کردیا ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام نے بھاری اکثریت سے ٹی آر ایس کو اقتدار عطا کیا ہے اور حکومت اپنی میعاد مکمل کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ چندر شیکھر راؤ نے اپنی جدوجہد کے ذریعہ تلنگانہ حاصل کیا اور وہ سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کے کوشاں ہیں۔ اسی دوران رکن اسمبلی آرمور اے جیون ریڈی نے ریونت ریڈی کو انتباہ دیا کہ وہ چیف منسٹر کے خلاف بیان بازی سے گریز کریں۔ انہوں نے کہا کہ آندھراپردیش حکومت کے اشارہ پر ریونت ریڈی کے سی آر کے خلاف بیان بازی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بہت جلد ریونت ریڈی دوبارہ جیل میں ہوں گے اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر انہیں سخت سزا ہوگی۔