ریونت ریڈی کو پولیس ہراسانی

مختلف شرائط کے ذریعہ انتخابی مہم میں رکاوٹ
حیدرآباد۔ یکم اپریل (سیاست نیوز) حلقہ لوک سبھا ملکاجگیری میں کانگریس کے امیدوار ریونت ریڈی کو پولیس کی جانب سے مختلف انداز سے ہراساں کرتے ہوئے انتخابی مہم میں رکاوٹ پیدا کرنے کی شکایات ملی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ پولیس پدیاترا اور جلسوں کے سلسلہ میں مختلف انداز سے شرائط عائد کررہی ہے۔ پولیس نے شرط رکھی ہے کہ گھر گھر مہم کے دوران صرف تین افراد امیدوار کے ساتھ ہونے چاہئیں جبکہ دیگر پارٹی امیدواروں کے لیے اس طرح کی کوئی شرط نہیں ہے۔ گھر گھر انتخابی مہم کے دوران تین افراد کی یہ شرط پہلی مرتبہ دیکھی گئی۔ بتایا جاتا ہے کہ تشہیری گاڑیوں کی پہلے سے باقاعدہ اجازت حاصل کرنے کے باوجود انہیں گھومنے کی اجازت نہیں دی جارہی ہے۔ الیکشن کمیشن کے قواعد کے مطابق رات 10 بجے تک انتخابی مہم کی اجازت ہے لیکن پولیس رات 8 بجے ریونت ریڈی کی مہم کو روکنے کے لیے دبائو ڈال رہی ہے۔ اس بارے میں پوچھے جانے پر پولیس عہدیداروں کا کہنا ہے کہ انہیں اس سلسلہ میں اوپر سے ہدایات موصول ہوئی ہیں۔ ریونت ریڈی نے پولیس کی ان زیادتیوں اور ہراسانی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا اور کہا کہ وہ پارٹیوں کے کارکن ان پابندیوں سے خوفزدہ نہیں ہوں گے۔ کانگریس کیڈر کے حوصلے کافی بلند ہیں۔