ریونت ریڈی کو ٹی آر ایس کے خلاف بیان بازی سے باز آنے کا مشورہ

ترقیاتی کاموں میں رکاوٹ کے خلاف انتباہ ، ایم پی پدا پلی بی سمن کا بیان
حیدرآباد 22 ستمبر (سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن پارلیمنٹ پدا پلی مسٹر بی سمن نے تلگودیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ ٹی آر ایس اور چیف منسٹر کے خلاف بیان بازی سے باز آجائیں۔ حیدرآباد میں آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے سمن نے ریونت ریڈی کی جانب سے حکومت پر عائد کردہ الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ حکومت کے ترقیاتی پروگراموں میں رکاوٹ پیدا کرنے کیلئے ریونت ریڈی بیان بازی کررہے ہیں۔ انہوں نے حیدرآباد میٹرو ریل پراجکٹ کے بارے میں تلگودیشم قائد کے الزامات کو مسترد کردیااور کہا کہ بعض مخالف تلنگانہ ٹی وی چینلس اور اخبارات کی اطلاعات کو بنیاد بناکر ٹی آر ایس حکومت کو نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ سیما آندھرا قائدین کے اشارے پر ریونت ریڈی اس طرح کے بیانات جاری کررہے ہیں۔ سمن نے خبردار کیا کہ اگر ریونت ریڈی الزام تراشی سے باز نہیں آتے ہیں تو ٹی آر ایس کارکن انہیں مناسب سبق سکھائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی بے قاعدگیوں کو عوام میں بے نقاب کیا جائے گا ۔ انہوں نے سوال کیا کہ ریونت ریڈی کا رائے درگ میں واقع اراضیات سے کیا تعلق ہے انہوں نے کہا کہ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے افراد کے مفادات کے تحفظ کیلئے ریونت ریڈی بلیک میل کی سیاست پر عمل پیرا ہے ۔ انہو ںنے کہا کہ میٹرو ریل پراجکٹ کے مسئلہ پر حکومت اور متعلقہ کمپنی نے وضاحت کردی ہے کہ مقررہ مدت میں پراجکٹ مکمل کرلیا جائے گا ۔ انہوں نے میٹرو ریل پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا ۔ اسی دوران بی سمن کی قیادت میں ٹی آر ایس قائدین کے ایک وفد نے آج سنگارینی کالریز کے منیجنگ ڈائرکٹر سے ملاقات کی۔ انہوں نے سنگارینی کالریز کے منافع میں ملازمین کو 100 کروڑ روپئے حصہ داری فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ۔ انہوں نے حکام سے خواہش کی کہ وہ ملازمین کو دسہرہ اڈوانس جاری کریں ۔ سنگارینی کے عہدیداروں نے اس سلسلہ میں چیف منسٹر سے مشاورت کے بعد فیصلہ کرنے کا تیقن دیا ۔