مالی اُمور اور جائیدادوں کی تفصیلات معلوم کرنے حکام کو ہدایت
حیدرآباد۔ 7 مئی (سیاست نیوز) سینئر قائد تلگو دیشم پارٹی و رکن اسمبلی مسٹر اے ریونت ریڈی کے بنیادی مالی وسائل کا پتہ چلانے اور ان پر روک لگانے کی کوششوں کا حکومت نے آغاز کردیا ہے۔ اس کے ایک حصہ کے طور پر مسٹر ریونت ریڈی کی حقیقی و بے نامی املاک کی مکمل تفصیلات اکٹھا کرنے کیلئے حکومت نے حیدرآباد، ریڈی و ضلع محبوب نگر کے تمام تحصیلداروں کو باقاعدہ طور پر زبانی ہدایات متعلقہ ضلع کلکٹروں کے ذریعہ دی ہیں۔ باوثوق ذرائع نے یہ بات کہی۔ مسٹر ریونت ریڈی جب چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر چندر شیکھر راؤ کی دختر رکن پارلیمانی شریمتی کویتا کے خلاف بعض الزامات عائد کئے تھے تو مسٹر راؤ کی ہدایت پر انہیں قانون ساز اسمبلی میں ٹی آر ایس کے ارکان نے بات کرنے کا موقع ہی نہیں دیا تھا۔ تب سے ہی تلنگانہ حکومت نے مسٹر ریونت ریڈی کو پھنسانے کیلئے جال بچھا دیا ہے۔ اس کے علاوہ ریونت ریڈی نے جب کے سی آر کو اپنی تنقید کا نشانہ بنانے پر متعدد الزامات عائد کرکے ان خلاف کیس درج کروائے کہ حکومت نے اقدامات کئے، اس طرح تازہ ترین اطلاعات کے مطابق ریونت ریڈی کیلئے مشکلات پیدا کرنے کی کوششوں میں ان کے بنیادی مالی وسائل کے تعلق سے نشانہ بنانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ ریونت ریڈی ابتداء ہی سے کے سی آر کی زیرقیادت تلنگانہ حکومت مہم میں سب سے آگے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ حکومت کی جانب سے اراضیات مختص کرنے سے متعلق کئے گئے فیصلہ اور دیگر اُمور مسٹر ریونت ریڈی اپنا انتہائی سرگرم رول ادا کرتے ہوئے کے سی آر کی زیرقیادت حکومت کیلئے درد سر بن گئے اور تلنگانہ حکومت کی نظر میں کھٹکتے رہے۔ ریونت ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس کی زیرقیادت حکومت خواہ ان کے خلاف کسی ہی نوعیت کی کارروائی کرنے کی کوشش کرے۔ ان حالات کا وہ ڈٹ کر مقابلہ کریں گے اور کہا کہ سابق میں بھی وائی ایس آر کحکومت نے بھی تلگو دیشم پارٹی قائدین کی جائیدادوں سے متعلق بڑے پیمانے پر تحقیقات کرواکر نشانہ بنانے کی کوشش کی تھی، لیکن تب بھی حکومت کو کچھ حاصل نہیں ہوا تھا اور اب بھی ٹی آر ایس کی زیرقیادت حکومت کو کچھ حاصل نہیں ہوگا۔