ریونت ریڈی کو اندرون 24 گھنٹے الزامات ثابت کرنے کا چیالنج

ناکامی پر قانونی چارہ جوئی کا انتباہ ، وزیر آبپاشی ٹی ہریش راؤ کا ردعمل
حیدرآباد۔ 30 ۔ جنوری (سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے تلگو دیشم کے رکن اسمبلی ریونت ریڈی کو چیلنج کیا کہ وہ اندرون 24 گھنٹے ان پر لگائے گئے الزامات کو ثابت کریں ورنہ ان کے خلاف قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔ ہریش راؤ نے اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ریونت ریڈی کے ان الزامات کو مسترد کردیا کہ تلنگانہ میں جاری ریت مافیا کے اسکام میں ہریش راؤ ملوث ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریت مافیا سے ان کا کوئی تعلق نہیں اور اگر ریونت ریڈی اندرون 24 گھنٹے الزامات ثابت نہیں کریں گے تو ان کے خلاف ہتک عزت کا مقدمہ دائر کیا جائے گا۔ ہریش راؤ نے الزامات کو بے بنیاد قرار دیا اور کہا کہ ان کے امیج کو متاثر کرنے کیلئے اس طرح کے الزامات عائد کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی دراصل صدر تلگو دیشم چندرا بابو نائیڈو کے اشارہ پر ٹی آر ایس حکومت کے خلاف مہم چلا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم رکن اسمبلی کے خلاف قانونی کارروائی کیلئے وہ تیار ہیں۔ ریونت ریڈی دراصل تلنگانہ ریاست اور اس کی حکومت کے کردار کو مسخ کرنے کی کوشش کر رہے ہیں ۔ تلنگانہ عوام نے تلگو دیشم پارٹی کو مسترد کردیا اور اس طرح کی الزام تراشی سے تلگو دیشم کا امیج عوام میں اور بھی بگڑ جائے گا ۔ ہریش راؤ نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت بہتر حکمرانی کے ذریعہ عوام کی خدمت کر رہی ہے جو تلگو دیشم کو برداشت نہیں ہورہا ہے۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ الزامات کے سلسلہ میں ثبوت پیش کریں۔ واضح رہے کہ میڈیا کے بعض گوشوں میں ریت مافیا سے ہریش راؤ کے روابط کے بارے میں خبریں شائع ہوئی ہیں جس پر چیف منسٹر نے عہدیداروں سے رپورٹ طلب کی ہے۔