کے ٹی آر کے ریمارکس پر کانگریس میں شامل ہونے والے ریونت کا سخت ردعمل
حیدرآباد ۔ 2 ۔نومبر (سیاست نیوز) کانگریس پارٹی میں شمولیت کے ساتھ ہی ریونت ریڈی نے چیف منسٹر کے فرزند کے ٹی راما راؤ پر ٹوئیٹر کے ذریعہ جوابی وار کیا ہے ۔ کے ٹی آر نے کوڑنگل سے تعلق رکھنے والے تلگو دیشم قائدین کی ٹی آر ایس میں شمولیت کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے ریونت ریڈی کو ’’گجا دونگا‘‘ یعنی مہا چور قرار دیا تھا۔ ریونت ریڈی نے جو عام طور پر پریس کانفرنس کے ذریعہ حکومت پر حملہ کرتے رہے ہیں، ٹوئیٹر کا راستہ اختیار کیا اور کے ٹی آر کی 2016 ء کی ایک تصویر عوام کیلئے پیش کردی جس میں وہ ستیم اسکام کے اہم سرغنہ رام لنگا راجو کے فرزند کے ساتھ ملایشیا کے دورہ پر ہیں۔کے ٹی آر جو ٹوئیٹر پر کافی متحرک ہیں اور تلنگانہ کے سیاستدانوں میں کے ٹی آر کے ٹوئیٹر فالوورس کی تعداد سب سے زیادہ ہے۔ لہذا ریونت ریڈی نے ٹوئیٹر پر ہی کے ٹی آر کو جواب دینے کا فیصلہ کیا۔ کانگریس میں شمولیت کے بعد پارٹی کے اصولوں کی پابندی لازمی ہے لہذا انہوں نے پریس کانفرنس کے بجائے ٹوئیٹر کو اختیار کیا۔ ریونت ریڈی نے ستیم رام لنگا راجو کے فرزند تیجا راجو اور ملایشیا کے وزیراعظم نجیب رزاق کے ساتھ کے ٹی آر کی تصویر ٹوئیٹر پر پیش کی اور سوال کیا کہ ہزاروں روپئے کے اسکام میں ملوث شخص کے فرزند کے ساتھ ملایشیا میں کے ٹی آر کیا کر رہے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ ریاست میں کروڑہا روپئے کے اسکام میں ملوث رام لنگا راجو کے فرزند کے ساتھ کے ٹی آر نے ملایشیا کے وزیراعظم سے ملاقات کیوں کی۔ ملایشیا کے وزیراعظم کے ساتھ ایک چور کے فرزند کے ہمراہ کیا بات چیت ہوئی اس کی وضاحت کی جائے۔ انہوں نے ٹوئیٹ میں لکھا کہ اس ملاقات کا سچ کیا ہے تلنگانہ عوام کو جان لینا چاہئے ۔