ریونت ریڈی کا سیل فون انتہائی اہمیت کا حامل

اینٹی کرپشن بیورو ثبوت اکٹھا کرنے میں مصروف، درخواست ضمانت پر آج سماعت
حیدرآباد /4 جون (سیاست نیوز) ووٹ برائے نوٹ معاملے میں گرفتار ہوکر جیل پہنچنے والے تلگودیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کا سیل فون ثبوت کے لئے انتہائی اہمیت کا حامل بن گیا۔ تفتیش کے لئے عدالت میں درخواست پیش کرنے سے قبل اے سی بی تمام پہلوؤں کا گہرائی سے جائزہ لے رہا ہے، تاکہ عدالت میں ثبوت فراہم کیا جاسکے۔ واضح رہے کہ یہ معاملہ سیاسی حلقوں میں موضوع بحث بنا ہوا ہے اور چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو شک اور تنقید کے دائرے میں گھرے ہوئے ہیں۔ ایم ایل سی انتخابات سے ایک دن قبل اے سی بی نے جال بچھاکر تلگودیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی اور ان کے دو ساتھیوں کو ٹی آر ایس کے نامزد رکن اسمبلی اسٹیفن سے سودے بازی کرتے ہوئے 50 لاکھ روپئے کے ساتھ رنگے ہاتھوں گرفتار کیا تھا، جب کہ اے سی بی کے پاس دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو کا آڈیو اور ویڈیو ثبوت موجود ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اے سی بی عجلت پسندی اور میڈیا کو کچھ بھی بتانے سے گریز کر رہی ہے۔ 5 جون کو اے سی بی عدالت میں ریونت ریڈی کی ضمانت کی سماعت مقرر ہے، جب کہ اے سی بی اپنی تحویل میں لینے کی درخواست داخل کرنے کی تیاری کر رہی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اے سی بی، ریونت ریڈی اور ان کے دونوں ساتھیوں کے سیل فونس کے ذریعہ یہ پتہ لگا رہی ہے کہ ووٹ برائے نوٹ معاملے میں انھوں نے کتنے لوگوں سے بات کی اور ان سے کن لوگوں نے بات کی ہے۔ علاوہ ازیں اسٹیفن سے بات کرنے والوں کا بھی ریکارڈ اکٹھا کیا جا رہا ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ ریونت ریڈی جس وقت اسٹیفن کی قیامگاہ پہنچے، ان کے ساتھ سیکورٹی گارڈ نہیں تھا، لہذا سیکورٹی گارڈ سے بھی پوچھ تاچھ کی جا رہی ہے۔ علاوہ ازیں ضبط کئے گئے 50 لاکھ روپئے پر بینک کا کوئی ٹوکن نہیں تھا، لہذا اتنی بڑی رقم کہاں سے لائی گئی اور دوسرے دن 4.5 کروڑ روپئے کون دینے والا تھا؟ اس کیس کا ہر پہلو سے جائزہ لیا جا رہا ہے۔