ریونت ریڈی کا دوبارہ جیل جانا یقینی

سپریم کورٹ میں ضمانت منسوخی کا امکان ، وزیر صحت لکشما ریڈی کا ادعا
حیدرآباد ۔ 2 ۔ جولائی (سیاست نیوز) وزیر صحت لکشما ریڈی نے کہا کہ نوٹ برائے ووٹ اسکام میں ضمانت پر رہا ہونے والے تلگو دیشم رکن اسمبلی ریونت ریڈی کا دوبارہ جیل واپس ہونا طئے ہے۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے لکشما ریڈی نے کہا کہ ہائیکورٹ سے مشروط ضمانت دراصل ریونت ریڈی کیلئے عبوری راحت ہے اور سپریم کورٹ میں ضمانت کو ختم کرنے کے امکانات روشن ہیں۔ وزیر صحت نے کہا کہ سابق میں رام لنگا راجو کو ہائیکورٹ نے ضمانت دی تھی لیکن سپریم کورٹ نے اسے ختم کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مرحلہ پر جبکہ مقدمہ کی تحقیقات نامکمل ہیں۔ ملزمین کو ضمانت نہیں دی جاسکتی۔ وزیر صحت نے کہا کہ تلگو دیشم پا رٹی ضمانت کی منظوری پر کچھ اس طرح جشن منارہی ہے جیسے عدالت نے ریونت ریڈی کو کلین چٹ دیدیا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی جیل واپسی کے دن بہت قریب ہے اور تلگو دیشم پار ٹی کی جانب سے جشن دوبارہ غم میں تبدیل ہوجائے گا۔ انہوں نے کہا کہ رہائی کے بعد ریونت ریڈی نے حکومت اور چیف منسٹر کے خلاف جس طرح کی زبان کا استعمال کیا ہے ، وہ ناقابل برداشت ہے۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو کی ایماء پر ریونت ریڈی نے ٹی آر ایس رکن اسمبلی کو خریدنے کی کوشش کی تھی ۔ اس طرح سیاست کو آلودہ کرنے کا کام چندرا بابو نائیڈو نے کیا ہے۔ وزیر صحت نے کہا کہ مخالفت تلنگانہ طاقتوں کے آلہ کار کی حیثیت سے ریونت ریڈی کام کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے چیف منسٹر کی حیثیت سے محبوب نگر ضلع کو ترقی کیلئے منتخب کیا تھا لیکن ضلع کی ترقی پر کوئی توجہ نہیں دی گئی۔ انہوں نے ریونت ریڈی سے سوال کیا کہ وہ محبوب نگر میں پراجکٹ کی تکمیل کے بارے میں چندرا بابو نا ئیڈو سے سوال کریں۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو مشورہ دیا کہ وہ آندھرائی طاقتوں کے اشارے پر کام کرنا بند کردیں۔