ریونت ریڈی و جناردھن ریڈی چوروں کی جوڑی : کرشنا راؤ

حیدرآباد ۔ 26؍ جون ( سیاست نیوز)وزیر پنچایت راج جے کرشنا راؤ نے مسٹر ریونت ریڈی قائد تلگودیشم اور ڈاکٹر جناردھن ریڈی قائد بی جے پی کو چوروں کی جوڑی سے تعبیر کیا ۔ اور ان دونوں قائدین کی جانب سے عمداً پراجکٹس میں رکاوٹیں پیدا کرنے کی جانے والی کوششوں پر اپنی شدید برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ تلگودیشم و بی جے پی کے مابین پائی جانے والی انتخابی مفاہمت کی آڑ میں دونوں قائدین تمام ڈرامے کر رہے ہیں ۔  وزیر موصوف نے کہا کہ محض سیاسی مفادات کے پیش نظر ہی دونوں قائدین پراجکٹس کی تعمیر میں روکاوٹیں پید کر رہے ہیں ۔کیونکہ اگر یہ پراجکٹس مکمل ہوں گے تو دونوں ہی قائدین کو عوام میں جانے کے لئے صورت نہیں رہے گی ۔ جبکہ حقیقت تو یہ ہے کہ کسانوں کے معاملہ میں دونوں ہی پارٹیوں کے قائدین بشمول ریونت ریڈی اور ڈاکٹر جناردھن ریڈی ڈرامے کر رہے ہیں ۔ وزیر پنچایت راج مسٹر جے کرشنا راؤ نے واضح طور پر کہا کہ خواہ کوئی بھی روکاوٹیں پیدا کرنے کی کوشش یا سازش کریں تو بھی پراجکٹس کو روکنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خود عوام ہی ان قائدین کو بہتر سبق سکھائیں گے ۔