حیدرآباد۔ یکم جولائی، ( سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ میں ایم ایل سی انتخابات کے سلسلہ میں گزشتہ ماہ نوٹ کے عوض ووٹ معاملہ میں رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے رکن اسمبلی تلگودیشم پارٹی مسٹر اے ریونت ریڈی جو آج تک جیل میں تھے، ہائی کورٹ کی جانب سے منظورہ ضمانت کی روشنی میں آج چرلہ پلی جیل سے رہا ہوئے۔ ان کی جیل سے رہائی کے تعلق سے اطلاعات جیسے ہی عام ہوگئی چرلہ پلی جیل کے قریب میں ان کے حامیوں کا اژدھام جمع ہوگیا اور اپنے قائد کی جیل سے رہائی پر زبردست جوش و خروش کا مظاہرہ کیا۔ضمانت کے دستاویزات چرلہ پلی پہونچنے میں ہوئی تاخیر کے باعث ان کی چرلہ پلی جیل سے رہائی میں کسی قدر تاخیر ہوئی۔ بتایا جاتا ہے کہ اے ریونت ریڈی کی پیروی کرنے والے ایڈوکیٹ نے تمام اُمور کی تکمیل ہونے کے بعد احکامات کی کاپی لے کر چرلہ پلی جیل پہنچ کر متعلقہ عہدیداروں کو ریونت ریڈی کی ضمانت پر رہائی سے متعلق ہائی کورٹ احکامات اور پھر اے سی بی کورٹ کے احکامات حوالہ کئے۔ اس طرح آج شام تقریباً ساڑھے پانچ بجے ریونت ریڈی کی چرلہ پلی جیل سے رہائی عمل میں آسکی۔ علاوہ ازیں ان ( ریونت ریڈی ) کے ساتھ کرپشن معاملت میں ملوث پائے جانے والے وجئے سمہا اور سب آسٹین بھی جیل سے رہا ہوئے۔ ایم ایل سی انتخابات کے سلسلہ میں نوٹ کے عوض ووٹ معاملہ میں رنگے ہاتھوں پکڑے جانے والے ریونت ریڈی نے تقریباً ایک ماہ جیل میں گزارا۔