رین بیکسی کی ادویات پر امریکہ میں امتناع

واشنگٹن ، 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) امریکہ میں خوراک اور ادویات کے نگران ادارے ’ایف ڈی اے‘ نے کہا ہے کہ کوالٹی کنٹرول ضوابط کی خلاف وزریوں کی وجہ سے ہندوستان کے سب سے بڑے دوا ساز ادارہ Ranbaxy کی سمندر پار تیار کردہ ادویات کی امریکہ میں درآمد پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ اس کمپنی کے جس پلانٹ میں تیار کردہ ادویات کی امریکہ میں درآمد پر پابندی لگائی گئی ہے، وہ ہندوستانی ریاست پنجاب میں تونسہ کے مقام پر واقع ہے۔ نیوز ایجنسی اسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق رین بیکسی نے ایف ڈی اے کے اس اقدام پر کوئی تبصرہ نہیں کیا۔

جنوبی سوڈان میں فائر بندی معاہدہ پر اتفاق
ادیس ابابا ، 24 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی سوڈان کے تنازعے میں حکومت اور باغی فائر بندی معاہدے پر متفق ہو گئے ہیں۔ ایتھوپیا کے دارالحکومت ادیس ابابا میں جنوبی سوڈان کے صدر سلوا کیر اور اپوزیشن رہنما ریک مچار کے نمائندوں نے کل رات اس معاہدہ پر دستخط کردیئے۔ فریقین نے رضا مندی ظاہر کی ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران فائر بندی معاہدہ پر عمل درآمد شروع کر دیا جائے گا۔ ابتدائی معاملت کے بعد مذاکراتی عمل 7 فروری تک ملتوی کر دیا گیا ہے۔ جنوبی سوڈان میں تازہ تنازعے کے نتیجے میں کم از کم دس ہزار افراد ہلاک اور پانچ لاکھ بے گھر ہو چکے ہیں۔