کوئٹہ ۔ 3 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی پولیس کے مطابق ریموٹ کنٹرول سے کئے گئے ایک بم دھماکہ میں ایک تیل کمپنی کے تین ورکرس ہلاک ہوگئے جو ملک کے جنوب مغربی علاقہ میں ایک سروے میں مصروف تھے۔ مقامی پولیس افسر محمد حسین نے بتایا کہ مستقر ڈیرہ بگتی کے قریب ریموٹ کنٹرول سے بم دھماکہ کیا گیا جس میں زخمی ہونے والوں کی تعداد پانچ بتائی گئی ہے۔ مہلوکین اور زخمی افراد ایک تیل کمپنی کی جانب سے سروے کیلئے اس علاقہ میں پہنچے تھے۔ اب تک کسی تنظیم یا فرد نے دھماکہ کی ذمہ داری نہیں لی ہے تاہم قبل ازیں کئے گئے حملوں کی ذمہ داری چھوٹے نیشنلسٹ گروپس اور علحدگی پسندوں نے لی تھی جبکہ بلوچستان میں دولت اسلامیہ جنگجوؤں کی بھی قابل لحاظ تعداد موجود ہے۔ واضح رہیکہ صرف ایک روز قبل ہی نیم فوجی دستے کے ایک قافلہ پر گھات لگا کر حملہ کیا گیا تھا جس میں چھ فوجی ہلاک ہوئے تھے۔ یہ حملہ بلوچستان کے آوران ڈسٹرکٹ میں کیا گیا تھا۔ اس حملہ کی بھی کسی تنظیم نے ذمہ داری نہیں لی تھی۔