بجٹ میں اضافی گنجائش فراہم کرنے وزیر فینانس سے اپیل : وزیر ریلوے سدانند گوڑا کا بیان
نئی دہلی 17 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ریلویز کو اپنی مسافر کرایوں اور شرح باربرداری میں اضافہ کی تجویز کو وزیر اعظم نریندر مودی کی منظوری کا انتظار ہے ۔ وزیر ریلوے مسٹر سدانند گوڑا نے وزیر فینانس مسٹر ارون جیٹلی سے ملاقات کے بعد کہا کہ وہ کرایوں میں اضافہ کے مسئلہ پر وزیراعظم سے بات چیت کرینگے ۔ وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد کوئی فیصلہ کیا جائیگا ۔ وزیر ریلوے نے آج منسٹر آف اسٹیٹ ریلویز مسٹر منوج سنہا اور سینئر ریلوے عہدیداروں کے ساتھ آج ما قبل بجٹ مشاورت کیلئے وزیر فینانس ارون جیٹلی سے ملاقات کی اور انہوں نے بجٹ میں ریلویز کیلئے اضافی گنجائش فراہم کرنے پر زور دیا ۔ مسٹر سدانند گوڑا سے جب سوال کیا گیا کہ وہ کرایوں میں اضافہ کی تجویز کے ساتھ وزیر اعظم سے کب ملاقات کرینگے تو انہوں نے کہا کہ وہ جلد ملاقات کرینگے ۔ کہا جارہا ہے کہ ریلویز کو مسافر کرایوں کے معاملہ میں ماہانہ 900 کروڑ روپئے کے خسارہ کا سامنا ہے ۔
ریلویز نے 16 مئی کو اعلان کیا تھا کہ مسافر کرایوں میں 14.2 فیصد اور شرح بار برداری میں 6.5 فیصد اضافہ کیا جائیگا اور اس اضافہ پر 20 مئی سے اطلاق ہوگا تاہم اسی دن ان احکام کو واپس لیتے ہوئے فیصلہ نئے وزیر ریلوے پر ڈال دیا گیا تھا ۔ ریلویز کا گذشتہ مہینے اس اضافہ کے ذریعہ 8000 کروڑ روپیہ مالیہ مجتمع کرنے کا منصوبہ تھا ۔ مسٹر جیٹلی کے ساتھ ما قبل بجٹ مشاورت کے تعلق سے وزیر ریلوے نے کہا کہ ومیر فینانس کے سا تھ یہ ملاقات ثمر آور رہی ہے جنہوں نے کچھ اقدامات کی تجویز پیش کی ہے جسے ریل بجٹ میں شامل کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے اضافی رقم کا مطالبہ کیا ہے ۔ نیشنل پراجیکٹس کیلئے زائد فنڈز ضروری ہیں ۔ وزیر فینانس کے ساتھ ریل پراجیکٹس کیلئے فنڈز حاصل کرنے راست بیرونی سرمایہ کاری ‘ عوام ‘ حکومت شراکت داری اور بانڈز کی اجرائی جیسی تجاویز پر غور کیا گیا ہے ۔ علیحدہ سیفٹی فنڈ کے قیام کے تعلق سے سوال پر انہوں نے کہا کہ ایسا کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے کیونکہ ہماری اصل ترجیح مسافرین کا تحفظ ہے ۔