عوام کو بوجھ کاایک حصہ برداشت کرنا چاہیئے : سریش پربھو
نئی دہلی۔14ڈسمبر ( سیاست ڈاٹ کام )ریلوے بجٹ آئندہ سال کے اوائل میں پیش کیا جانے والا ہے اور امکان ہے کہ توانائی کے شعبہ میں اضافہ کا بوجھ مسافرین پر عائد کیا جائے گا اور اس کے نتیجہ میں ریلوے کرایوں میں اضافہ ہوگا ۔ وزارت ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ فیول اڈجسٹمنٹ کمپوننٹ سے مربوط شرحوں پر نظرثانی جو ڈسمبر میں ہونے والی تھی اُس پر آئندہ سال فبروری میںریل بجٹ سے ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ توانائی کی لاگت میں حالیہ چند ماہ کے دوران چار فیصد اضافہ ہوا ہے ‘ چنانچہ ریل کرایوں پر نظرثانی ضروری ہوگئی ہے ۔ ریلوے نے اپنی پالیسی کا اعلان کیا تھا جس کے مطابق کرایوں اور شرحیں مال برداری کو ایندھن و توانائی کی لاگت سے مربوط کرتے ہوئے سال میں دو مرتبہ اس پر نظرثانی کی جارہی ہے ۔ اس سے پہلے جون میں آخری مرتبہ نظرثانی کی گئی اور اُس وقت ریلوے کرایوں میں 4.2فیصد اور شرح مال برداری میں 1.4فیصد اضافہ کیا گیا تھا ۔ نئے وزیرریلوے سریش پربھو نے کرایوں میں امکانی اضافہ کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ بوجھ کا کچھ حصہ عوام کو بھی اٹھانا ہوگا ۔ ریلوے کے بڑھتے مصارف پورے کرنے کیلئے ٹرین کرایوں میں اضافہ کے امکانات کے بارے میں پوچھے جانے پر سریش پربھو نے جو موافق اصلاحات کے لئے شہرت رکھتے ہیں ‘ ایسے کسی امکان کو مسترد نہیں کیا ۔