ریل مسافرین خبردار حد سے زیادہ بیاگیج پر اب جرمانہ ادا کرنا ہوگا

نئی دہلی ۔6 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) ہوائی سفر کی طرح اب ٹرینس میں سفر کرتے وقت حد سے زیادہ لگیج لے جانے کے بارے میں چوکنا رہنا ہوگا ۔ ٹرین کمپارٹمنٹس میں حد سے زیادہ لگیج لے جانے سے متعلق متعدد شکایات کے بعد انڈین ریلویز نے اس کے تین دہائیوں سے زیادہ کے بیاگیج الاؤنس رولز کو سختی کے ساتھ نافذ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں مسافرین کو اگر وہ حد سے زیادہ لگیج کے ساتھ سفر کرتے ہوئے پکڑے گئے تو انہیں مقررہ رقم کے چھ گنا تک بطور جرمانہ ادا کرنا ہوگا ۔ ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ اس کیلئے بنائے گئے قواعد کے مطابق سلیپر کلاس اور سکنڈ کلاس پاسنجرس بالترتیب 40 کلوگرام اور 35 کلو گرام وزنی لگیج کوئی زائد رقم دیئے بغیر لے جاسکتے ہیں اور پارسل آفس پر حد سے زیادہ لگیج کیلئے رقم ادا کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ بالترتیب 80 کلو گرام اور 70 کلو گرام وزنی لگتیج لے جاسکتے ہیں ۔ حد سے زیادہ لگیج کو لگیج ویان میں رکھنا ہوگا ۔ وید پرکاش ڈائرکٹر انفارمیشن اینڈ پبلسٹی ‘ ریلوے بورڈ نے کہا کہ قواعد پہلے ہی سے نافذ العمل ہیں اب ہم انہیں سختی کے ساتھ نافذ کررہے ہیں ۔ مسافرین کو لگیج شرح کے دیڑھ گنا کے مماثل فیس ادا کرتے ہوئے زیادہ سے زیادہ کی حد تک لگیج ویان میں زائد لگیج لے جانے اور بک کرنے کی اجازت ہوگی ۔