’ ریل مدد ‘ ایپ کے ذریعہ مسافرین کو ریل سے متعلق شکایت کا موقع

حیدرآباد ۔ 11 ۔ دسمبر : ( سیاست نیوز) : اگر آپ انڈین ریلوے سے اکثر سفر کرتے ہیں اور اوقات ریلوے خدمات سے آپ مطمئن نہیں ہیں اور شکایت کرنے کا دل چاہتا ہے تو اب مسافرین کے لیے ساوتھ سنٹرل ریلوے نے ایک نیا ایپ ’ ریل مدد ‘ railmadad.in متعارف کردیا ہے ۔ جس کے ذریعہ اسمارٹ فونس اور ویب سائٹ کا استعمال کرتے ہوئے مسافرین ریل خدمات کے متعلق اپنی شکایت کو راست ارباب مجاز تک پہنچا سکتے ہیں ۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے کے جنرل منیجر ونود کمار یادو نے کہا ہے کہ ارباب مجاز اور مسافرین کے درمیان ایک ڈیجیٹل رابطہ قائم کیا گیا ہے اور انہوں نے کہا ہے کہ وہ ڈیویژنل ریلوے منیجر کو ہدایت دی ہے کہ ریل مدد کے ذریعہ جانے والی تمام شکایت کا قریب سے جائزہ لیں اور اس ریل مدد ایپ کے ذریعہ ساوتھ سنٹرل ریلوے کی خدمات کو مزید بہتر بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں ۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسافرین اس ایپ کے ذریعہ میڈیکل ہیلپ ، چائیلڈ ہیلپ لائن ، ویمنس ہیلپ لائن اور دیگر سہولت سے بھی استفادہ کرسکتے ہیں ۔۔