نئی دہلی۔7ستمبر ( سیاست ڈاٹ کام ) انڈین ریلوے کی جانب سے بہت جلد مسافرین کیلئے بارکوڈیڈ ٹکٹس جاری کئے جائیں گے ۔ اس سے مسافرین کو سفر کے دوران کوئی بھی شناختی کارڈ رکھنے کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ ان دنوں مسافروں کو ٹکٹ چیک کرنے والوں کو اپنا شناختی کارڈ پیش کرنا ہوتا ہے لیکن آنے والے دنوں میں اس کی ضرورت نہیں ہوگی کیونکہ ان کے ٹکٹوںکی مشینوں کے ذریعہ جانچ ہوںگی۔ عہدیداروں کے مطابق مشین سے جاری کردہ ٹکٹ کی تفصیلات سنٹرل سرور کو روانہ کی جائیں گی‘ اس میں کسی قسم کی بے قاعدگی پائی گئی تو مسافر پر جرمانے عائد کئے جائیں گے اور سزا دی جائے گی ۔ اس سے مسافروں کا وقت بچے گا ۔ اس کے علاوہ ٹی ٹی کو رشوت دینے کی گنجائش ختم ہوجائے گی ۔ ریلوے بورڈ کے ترجمان انیل کمار سکسینہ نے کہا کہ ریلوے بارکوڈیڈ ٹکٹس جاری کرنے پر غور کررہا ہے ۔ ہم نے اس سلسلہ میں کمپنیوں سے ٹنڈرس بھی طلب کئے ہیں ۔ٹرینوں میںٹکٹس چیکنگ کا کام مشینوں کے ذریعہ ہوگا ۔ ریلوے بورڈ نے بھی اس تناظر میں کمپنیوں کو مشورے دیئے ہیں ۔ ان کمپنیوں نے میٹرو اسٹیشنوں پرمشین سے لیس دروازے نصب کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ اسٹیشنوں پر ایسے مشین نصب کئے جائیں گے جو مسافرکے ٹکٹ جانچ کر کے اندر آنے کی اجازت دیں گے ۔