ریل بجٹ :ساوتھ سنٹرل ریلوے کو 2,768 کروڑ روپئے منظور

حیدرآباد 26 فبروری (پی ٹی آئی ) ریلوے بجٹ میں ساوتھ سنٹرل ریلوے کو سال 2015-16 کیلئے انفراسٹرکچر کو فروغ دینے کے مقصد سے 2,768 کروڑ روپئے منظور کئے گئے ہیں۔ یہ رقم گذشتہ سال کے مقابل 24 فیصد زیادہ ہے۔ سرکاری ذرائع نے بتایا کہ منصوبہ مصارف میں نئی لائنس‘ بریجس کی تعمیر‘ روڈ آور بریجس اور دیگر کاموں کیلئے 984.33 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں جو گذشتہ سال کے مقابل 60 فیصد زیادہ ہے جبکہ پیشرو بجٹ میں 616 کروڑ روپئے مختص کئے گئے تھے۔نئی لائنس کیلئے 511.6 کروڑ کی بجٹ رقم منظور کی گئی جو پیشرو سال سے 23 فیصد زیادہ ہے۔ جاریہ نئے لائن پراجکٹ کیلئے بجٹ میں جو رقم مختص کی گئی ہے اس کے مطابق پدا پلی۔ کریم نگر ۔ نظام آباد پراجکٹ کیلئے 141 کروڑ روپئے ‘ ملاچریوو ۔ وشنو پورم پراجکٹ کیلئے 100 کروڑ روپئے اور نندیال ۔ ایراگنٹلہ پراجکٹ کیلئے 130 کروڑ روپئے شامل ہیں۔ جنرل منیجر ساوتھ سنٹرل ریلوے پی کے سریواستو نے کہا کہ رقمی منظوری سے ان تین پراجکٹس کی تکمیل میں مدد ملے گی۔انہوں نے بتایا کہ روڈ آور بریجس کیلئے 101.67 کروڑ اور ٹریفک سہولیات کیلئے 40.68 کروڑ روپئے کی رقم مختص کی گئی ہے۔ ریلوے بجٹ 2015 میں ساوتھ سنٹرل ریلوے کیلئے جو نئے پراجکٹس منظور کئے گئے ہیں ان میں چار ڈبلنگ ‘ تین ٹرپلنگ اور 1,197 کیلو میٹر طویل نئی ریلوے لائن پراجکٹ شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ان پراجکٹ کیلئے ایک اندازے کے مطابق 11,703 کروڑ روپئے کی لاگت آئے گی اور بجٹ میں 267.59 کروڑ روپئے مختص کئے گئے ہیں۔