ریلیف کیمپس میں تمام سہولتوں کے باوجود اموات

ہر کوشش کے باوجود موت کو ٹالنا ممکن نہیں ۔ یو پی کے وزیر نرد رائے کی وضاحت
بلیا / لکھنو 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مظفر نگر کے فساد متاثرین ریلیف کیمپس میں اموات سے متعلق اپنے ریمارکس پر تنقیدوں کا شکار اتر پردیش کے وزیر اسپورٹس و امور نوجوانان نرد رائے نے آج کہا کہ ان اموات کو ٹالا نہیں جاسکتا اور حکومت کی جانب سے تمام انتظامات کے باوجود یہ اموات ہوئی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ مظفر نگر ریلیف کیمپس میں حکومت کی لا پرواہی یا بد انتظامی کی وجہ سے کوئی موت نہیں ہوئی ہے ۔ حکومت نے غذائی اجناس کی فراہمی ‘ رہنے کی سہولت اور ان افراد کے علاج کیلئے ہر ممکنہ اقدامات کئے تھے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر ان سارے انتظامات کے باوجود اموات ہوئی ہیں تو حکومت صرف اظہار ہمدردی کرسکتی ہے لیکن موت ایک اٹل حقیقت ہے ۔

انہو ںنے کہا کہ اگر تمام تر کوششوں کے باوجود اموات پیش آتی ہیں تو اس کو ٹالا نہیں جاسکتا اور عوام کو اس کو قبول کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایک الگ بات ہے کہ اتنے سارے انتظامات کے باوجود عوام کو اطمینان نہیں ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ فساد متاثرین کے ریلیف کیمپس میں اموات اور فسادات کو حکومت کی جانب سے منائے گئے سیفائی مہوتسو سے مربوط نہیں کیا جانا چاہئے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ میڈیا کی جانب سے صرف منفی تشہیر کو ترجیح دی جا رہی ہے ۔

کسی نے بھی یہ نہیں دیکھا کہ مہوتسو کے دران اولمپک میڈلس یافتگان کو تہنیت بھی پیش کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ میڈیا صرف یہ دکھا رہا ہے کہ کلچرل پروگرام میں کس نے شرکت کی ۔ اسے یقینی طور پر حکومت کی خامیوں کو اجاگر کرنا چاہئے تاہم ساتھ ہی اسے مثبت پہلو کو بھی دکھانا چاہئے ۔ تاہم اپوزیشن جماعتوں نے وزیر موصوف کے اس بیان کی مذمت کی ہے اور کہا کہ انہیں حکومت کی ناکامیوں کو قبول کرنا چاہئے تھا ۔ بی جے پی ترجمان وجئے بہادر پاٹھک نے کہا کہ یہ وزیر کا احساس سے عاری بیان ہے ۔ انہیں حکومت کی کوتاہیوں کو قبول کرکے ذمہ داری اٹھانی چاہئیے تھی ۔

مظفرنگر فسادیوں کی گرفتاری پر پولیس پر حملہ
مظفرنگر 12 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مظفر نگر کے ایک گاؤں میں مقامی عوام نے اس پولیس پارٹی پر سنگباری کرتے ہوئے حملہ کردیا جو وہاں فساد ملزمین کی گرفتاری کیلئے پہونچی تھی ۔ پولیس ایک فسادی انیل کمار کو گرفتار کرنے موہدپور رائے سنگھ گاوں کو پہونچی تھی ۔ مقامی افراد نے اس ٹیم پر سنگباری کی اور اسے روکنے کی کوشش کی ۔ ہجوم کی سنگباری میں تاہم کوئی زخمی نہیں ہوا ہے ۔ پولیس نے احتجاج کے باوجود اس ملزم کو گرفتار کرلیا ہے جو پولیس تحویل میں ہے ۔