سرینگر ؍ جموں۔/18ستمبر، ( سیاست ڈاٹ کام ) وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر عمر عبداللہ نے آج ریاست کے ہر فرد کو چاہے وہ امیر ہویا غریب، ایم ایل اے ہو ، ایم پی ہو یا سرکاری ملازم ہو، سے اپیل کی کہ وہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی امداد کیلئے حتی المقدور امداد پیش کریں اور اپنے عطیات چیف منسٹرس ریلیف فنڈ میں جمع کریں۔ ریاست میں سیلاب کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے طلب کی گئی ایک اعلیٰ سطحی میٹنگ میں عمر عبداللہ نے گورنر این این ووہرہ سے اظہار تشکر کیا کیونکہ انہوں نے اپنی ایک ماہ کی تنخواہ بطور عطیہ دے دی۔ اسی طرح انہوں نے دیگر افراد سے بھی چیف منسٹرس ریلیف فنڈ میں عطیات دینے کی اپیل کی۔ انہوں نے خود اپنی تنخواہ میں سے ایک لاکھ روپئے بطور عطیہ چیف منسٹرس ریلیف فنڈ میں جمع کروائے۔ عمر عبداللہ نے کہا ایم پیز اور ایم ایل ایز کو ان کے حلقوں کی ترقی کیلئے بھی فنڈز فراہم کئے جاتے ہیں۔ یعنی MPLAD فنڈس میں سے بھی عطیات دیئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے سرکاری ملازمین، تاجرین اور مالدار طبقہ سے بھی اپیل کی کہ وہ فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنے عطایات چیف منسٹرس ریلیف فنڈ کے اکاؤنٹ نمبر0110040100001275 جموں و کشمیر بینک لمیٹیڈ میں جمع کروائیں۔