نئی دہلی 30مارچ (سیاست ڈاٹ کام) انڈین ریلویز میں تقریباً 90,000 خالی جائیدادوں کیلئے غیرمعمولی 25 ملین (2.5کروڑ ) افراد نے جاب حاصل کرنے کیلئے درخواستیں دی ہیں ۔ دلچسپ بات ہے کہ ہندوستانی ریلویز کے لئے درخواست گذاروں کی تعداد آسٹریلیا کی پوری آبادی سے کہیں زیادہ ہے ۔ نیوز ایجنسی رائٹرس کی رپورٹ کے مطابق انڈین ریلوے بورڈ کے چیرمین اشونی لوہانی نے بہت بڑی تعداد میں درخواستیں وصول ہونے کی تصدیق کی ہے اور بتایا کہ یہ تمام بیروزگار ہندوستانی ملک کے سب سے بڑے آجر ادارے سے وابستہ ہونا چاہتے ہیں ۔ ’’ہم گزشتہ دو سال سے بھرتی نہیں کررہے تھے ۔ اس لئے اب عملہ کی ضرورت ہے ‘‘ ۔ انڈین ریلویز کے پاس زائد از 1.3 ملین (13 لاکھ ) افراد ملازم ہیں ۔اور اب ریلوے میں بعض خالی جائیدادیں پیدا ہوئی ہیں جیسے انجن ڈرائیورس ، ٹکنیشنس ، ٹریک انسپکشن کا عملہ اور کار پنٹرس ۔ ریلوے ریکروٹمنٹ کنٹرول بورڈ نے ان جائیدادوں کی بھرتی کیلئے فبروری میں اشتہار دیئے تھے جس پر لگ بھگ 25 ملین خواہشمندوں نے درخواستیں داخل کی ہیں۔ درخواست داخل کرنے کی آخری تاریخ ہفتہ 31 مارچ ہے ۔ امیدواروں کو تحریری ٹسٹ سے گذرنا پڑے گا جو 15 زبانوں میں دستیاب ہے ۔ تحریری امتحان کے علاوہ اُنھیں فزیکل فٹنس ٹسٹ بھی پاس کرنا پڑے گا ، جس کی اشتہار میں صراحت کردی گئی ہے ۔ مہیش ویاس ، سی ای اوسنٹر فار مانٹیرنگ انڈین اکنامی نے رائٹرس کو بتایا کہ اتنی بڑی تعداد میں بیروزگار افراد کا ریلوے کے پاس درخواستیں داخل کرنا ملک میں بیروزگاری کے سبب تناؤ کی حد کی عکاسی کرتا ہے ۔ اس سے ظاہر ہوتا ہے کہ واقعتاً نوکریوں کی قلت ہے ، اس کے علاوہ ایک پہلو مثبت بھی ہے کہ ہندوستانی نوجوان گورنمنٹ جابس کو ہنوز ترجیح دے رہے ہیں ۔ زائد از 50 لاکھ درخواست گذاروں نے اسسٹنٹ لوکو پائلیٹس کے عہدے کیلئے درخواستیں داخل کی ہیں۔