ریلوے کرایہ میں اضافہ سے ’’اچھے دن کیسے آئیں گے‘‘

نئی دہلی۔ 24 جون (سیاست ڈاٹ کام) سینئر کانگریس قائد سری پرکاش جیسوال نے برسراقتدار بی جے پی سے سوال کیا کہ اگر ریلوے کرایوں اور مال برداری شرحوں میں اضافہ کیا جائے تو ’’اچھے دن کیسے آئیں گے‘‘، اس کا بی جے پی تیقن دے چکی ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ کیا ریلوے کرایہ میں اضافہ سے افراطِ زر کم ہوجائے گا، کیا مال برداری کی شرحوں میں اضافہ سے اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہوگا، کیا اچھے دن آجائیں گے۔ جیسوال ریلوے کرایہ اور مال برداری کی شرحوں میں اضافہ اور غیرمعلنہ برقی سربراہی منقطع کرنے کے خلاف ایک احتجاجی مظاہرہ کی قیادت کررہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریلوے کرایہ میں اچانک بیک وقت زبردست اضافہ کیا گیا ہے جس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں ملتی۔ بار برداری کی شرحوں میں بھی اضافہ کیا گیا ہے جس سے روزمرہ کی استعمال کی اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ ہوگا اور عام آدمی راست متاثر ہوگا۔

انہوں نے سوال کیا کہ کیا عوام نے ایسے ہی ’’اچھے دن‘‘ دیکھنے کیلئے بی جے پی کو منتخب کیا ہے۔ اب کہا جارہا ہے کہ پکوان گیاس اور ایندھن کی قیمتوں میں بھی اضافہ کیا جائے گا۔ عوام کو غور کرنا چاہئے کہ کیا انہوں نے بی جے پی کو اسی لئے منتخب کیا تھا کہ حکومت اچھے دنوں کے بہانے قیمتوں میں اضافہ کا ’’تحفہ‘‘ دیتی رہے۔ جیسوال لوک سبھا انتخابات میں کانپور سے بی جے پی امیدوار مرلی منوہر جوشی کے مقابلے میں ہار گئے ہیں۔ کانگریس کارکنوں نے آج ریلوے پٹریوں پر احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے پالم ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کو روک دیا۔ وہ اضافہ شدہ ریلوے کرایوں سے حکومت کی فوری دستبرداری کا مطالبہ کررہے تھے۔ احتجاجی مظاہرہ کی قیادت دہلی پردیش کانگریس کے صدر اروند سنگھ لولی کررہے تھے۔ انہوں نے وزیر ریلوے سدانند گوڑا کا پتلا نذرآتش بھی کیا ۔احتجاجی مظاہرہ میں کثیر تعداد میں کانگریسی کارکنوں بشمول دہلی پردیش کانگریس کے ترجمان اعلیٰ مکیش شرما اور دیگر قائدین شامل تھے۔ پالم پولیس چوکی کے قریب بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔

مظاہرہ کے دوران بعض کانگریسی کارکن زبردستی پالم ریلوے اسٹیشن میں داخل ہوگئے اور ٹرین کی پٹریوں پر دھرنا دیتے ہوئے دہلی ۔ مرادآباد ٹرین کو تقریباً 30 منٹ روک دیا۔ دہلی کانگریس کے ترجمان مکیش شرما نے کہا کہ کانگریس کارکن اس وقت تک خاموش نہیں بیٹھیں گے ، جب تک کہ اضافہ شدہ ریلوے کرایہ سے دستبرداری اختیار نہیں کی جاتی۔مختلف ریاستوں سے تعلق رکھنے والے لاکھوں افراد کرایوں میں اضافہ سے متاثر ہوں گے۔ دہلی کے مقامی شہری ہر ہفتہ سفر کرتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پالم ریلوے اسٹیشن پر ٹرینوں کی ناکہ بندی کرنے سے پہلے کانگریس کارکنوں نے کرایہ میں اضافہ کے خلاف ایک احتجاجی جلوس بھی نکالا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ پالم پولیس اسٹیشن کے ارکان عملہ نے غیرضروری طور پر احتجاجی پر لاٹھی چارج کیا۔