ریلوے کرایوں میں اضافہ کا اندیشہ

مسافر کرایہ اور شرح باربرداری کو بھی بڑھایا جاسکتا ہے

نئی دہلی 16 جون ( سیاست ڈاٹ کام ) وزارت ریلوے کی جانب سے 2014 – 15 کے ریل بجٹ میں ریل مسافر کرایوں میں اضافہ کی تجویز کا جائزہ لیا جا رہا ہے ۔ وزیر ریلوے مسٹر سدانند گوڑا آئندہ ماہ کے دوسرے ہفتے میں پارلیمنٹ میں ریل بجٹ پیش کرنے والے ہیں۔ وزارت ریلوے کے ایک سینئر عہدیدار نے کہا کہ مسافر بردار کرایوں اور شرح باربرداری میں اضافہ ناگزیر ہوگیا ہے کیونکہ ریلوے کی معاشی حالت اچھی نہیں ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا ہے کہ اضافہ کتنا ہوگا ۔ اس سوال پر کہ آیا اضافہ کا ریل بجٹ میں اعلان ہوسکتا ہے انہوں نے کہا کہ اس امکان کو مسترد نہیں کیا جاسکتا ۔ تاہم یہ ضروری نہیں ہے کہ اضافہ کا بجٹ ہی میں اعلان کیا جائے ۔ یہ بجٹ سے پہلے یا بعد میں بھی ہوسکتا ہے ۔ عام انتخابات سے قبل ریلوے کے عبوری بجٹ میں یو پی اے حکومت نے مسافر کرایوں میں اضافہ سے گریز کیا تھا ۔ ریلوے نے 16 مئی کو مسافر کرایوں میں 14.2 فیصد اور شرح بربرداری میں 6.5 فیصد اضافہ کا اعلان کیا تھا ۔ اس پر 20 مئی سے عمل آوری ہونے والی تھی تاہم بعد میں اس تعلق سے اعلامیہ سے دستبرداری اختیار کرلی گئی اور اس فیصلہ کی ذمہ داری آئندہ وزیر ریلوے پر عائد کردی گئی ۔ ریلویز گذشتہ ماہ مسافر کرایوں اور شرح باربرداری میں اضافہ کے ذریعہ 8000 کروڑ روپئے مالیہ مجتمع کرنا چاہتا تھا ۔ فی الحال ریلوے کو شدید معاشی بحران کا سامنا ہے کیونکہ مسافرین کو دی جانے والی سبسڈی 26,000 کروڑ تک پہونچ رہی ہے ۔