دفتر سیاست میں ریلوے میں تقررات پر جناب محمد عثمان کا لکچر
حیدرآباد ۔ یکم ؍ نومبر (سیاست نیوز) انڈین ریلوے میں ملازمین کے چار گروپس ہیں۔ گروپ اے میں گزیٹیڈ آفیسرس، منیجرس گروپ بی اور گروپ سی میں دفتری عملہ اور گروپ ڈی میں آفس بوائے ٹریک میان زمرہ کے عہدے ہیں۔ ان کے تقررات الگ الگ طریقوں سے ہوتے ہیں۔ گروپ اے زمرہ کیلئے یو پی ایس سی کے تحت امتحان ہوتا ہے۔ گروپ بی، سی کیلئے آر آر بی اور گروپ ڈی زمرہ کیلئے آر آر سی کے تحت تقررات ہوتے ہیں۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے میں گروپ ڈی زمرہ کے تین ہزار جائیدادوں پر بھرتی کیلئے ماہ نومبر میں ہر اتوار کو امتحانات ہیں۔ ان خیالات کا اظہار جناب محمد عثمان (الفلاح سوسائٹی لالہ گوڑہ سکندرآباد) نے یہاں ادارہ سیاست کے زیراہتمام دفتر سیاست میں منعقدہ ریلوے امتحانات کی تیاری کے موضوع پر معلوماتی لکچر دیتے ہوئے کہا اور کہا کہ انڈین ریلوے دنیا کا سب سے بڑا ریلوے نظام ہے اور ملازمین کی تعداد کے اعتبار سے سب سے بڑا محکمہ ہے۔ انہوں نے امیدوار کو امتحان میں وقت سے قبل حاضر رہنے اور سوالات کو پوری یکسوئی کے ساتھ حل کرنے کا مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ آبجکٹیو ٹائپ مسابقتی امتحان ہے، جس میں منفی مارکس کا لزوم بھی ہے۔ گروپ ڈی زمرہ میں تقرر پاکر گروپ بی ، سی اور A زمرہ کے عہدہ تک ترقی کے کافی مواقع ہیں۔ جن امیدوار کے ہال ٹکٹ ملے وہ تیاری کریں اور بعض خامیوں کی وجہ کئی طلبہ کو ہال ٹکٹ نہیں جاری ہوئے۔ انہوں نے سلسلہ تقریر جاری رکھتے ہوئے مسلم اقلیتی طلبہ پر زور دیا کہ وہ مسابقتی امتحان کیلئے سخت محنت اور تیاری کے ساتھ حاضر ہوکر ریلوے میں روزگار کے مواقع سے بھرپور استفادہ کریں۔ ایم اے حمید کیریئر کونسلر نے خیرمقدم کیا۔ اس موقع پر محمد معید، سید حسام الدین، سلمان سعدی نے معاونیت کی۔ احمد بشیرالدین فاروقی نے آخر میں شکریہ ادا کیا۔