ریلوے مزدور کی فلاح و بہبود کیلئے کمیشن کے بجائے ویج بورڈ کا مطالبہ

ریل مزدور یونین کے قائدین کامریڈ ایم سبھاش کا بیان
حیدرآباد۔26جون(سیاست نیوز)صدر ریل مزدور یونین کامریڈ ایم سبھاش نے ریلوے مزدور کی فلاح وبہبود کیلئے کمیشن کے قیام کے بجائے ویج بورڈ تشکیل دینے کا مرکزی حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ آزادی کے بعد سے لیکر آج کی تاریخ سے ہندوستان بھر میںریل کی نئے روٹس اور نئی ٹرینوں کے ساتھ ساتھ نئی اسٹیشنس قائم کئے گئے ہیںمگرریل مزدور کے تقررات کے ضمن میں محکمہ کی جانب سے کوئی اقدامات نہیں اٹھائے گئے ۔ آج یہاں نیو پریس کلب سوماجی گوڑ میںمیڈیا سے بات کرتے ہوئے کامریڈایم سبھاش نے کہاکہ محکمہ ریل کے مزدور طبقے کے ساتھ متعصبانہ رویہ رویہ اختیار کئے جانے کے خلاف ریل مزدور یونین 11جولائی سے ریل ہڑتال کا اعلان کرتی ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ مذکورہ ریل محکمہ میںکمیشن کے قیام کے سبب متعلقہ مزدور طبقے کو کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ 2004میںلاگو پنشن اسکیم کے مقابل موجودہ فیملی پنشن اسکیم میں بڑی حد تک خامیاں پائی جاتی ہیںجس کا تدراک ضروری ہے ۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ ریل مزدور یونین ساوتھ سنٹرل یونین سکندرآباد کے صدر جی رام پربھو‘ جنرل سکریٹری وائی ہری بابو‘ ایڈیشنل جنرل سکریٹری اے ہری‘ نائب صدر عبدالقدیر بھی موجود تھے۔