ریلوے بجٹ میں تلگو ریاستوں سے ناانصافی: ہنمنت راؤ

حیدرآباد /8 جولائی (سیاست نیوز) سکریٹری اے آئی سی سی و رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ ریلوے بجٹ میں تلگو ریاستوں کے ساتھ انصاف نہیں کیا گیا۔ دہلی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اچھے دن آنے کا عوام کو خواب دکھانے والے نریندر مودی اپنے دور حکومت میں عوام پر مالی بوجھ عائد کرتے ہوئے ان کے ارمانوں کا خون کر رہے ہیں۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتیں کم ہونے کی بجائے بڑھ رہی ہیں، پٹرولیم اشیاء کی قیمتیں بڑھ گئی ہیں، ریلوے کرایہ میں پہلے ہی اضافہ کیا جاچکا ہے اور آج سدا نند گوڑ کی جانب سے پیش کردہ ریلوے بجٹ بھی مایوس کن رہا۔ اس سے صرف ایک یا دو نئی ٹرینوں کے علاوہ تلنگانہ اور آندھرا ریاستوں کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔ انھوں نے چیف منسٹر آندھرا پردیش این چندرا بابو نائیڈو سے استفسار کیا کہ تلگودیشم کا این ڈی اے کا حصہ ہونے سے کیا فائدہ ہوا؟، جب کہ اب تک ایک بھی نیا پراجکٹ آندھرا پردیش نہیں حاصل ہوا۔ اسی دوران کانگریس رکن پارلیمنٹ جی سکھیندر ریڈی نے ریلوے بجٹ کو تلنگانہ اور آندھرا دونوں تلگو ریاستوں کے لئے مایوس کن قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزیر ریلوے سدا نند گوڑ نے اپنے پہلے ہی بجٹ میں ریلویز کو مستقبل میں خانگی شعبوں کے حوالے کرنے کا اشارہ دیا ہے، جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے اور اگر ایسا کیا گیا تو سارے ملک میں اس کے خلاف احتجاج کیا جائے گا۔